Aaj News

غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی حملے میں تین فلسطینی شہید

اسرائیل کی جانب سے واپس کی گئی فلسطینیوں کی لاشوں پر تشدد اور ٹینکوں سے روندے جانے کے نشانات ہیں، رپورٹ
اپ ڈیٹ 16 اکتوبر 2025 06:57pm

اسرائیل کی جانب سے غزہ امن معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ اسپتال پر اسرائیلی فوج کی بم باری سے تین افراد شہید جب کہ سات زخمی ہوگئے ہیں۔

اقوام متحدہ کی ایجنسی نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ جنگ بندی کی شرائط کے تحت جن علاقوں میں اسرائیلی فوج تعینات کی گئی ہے وہاں شہریوں کو مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔

قیدیوں کی رہائی کا جشن منانے والے بزرگ بھی شہید کردیے گئے ہیں، اس کے علاوہ ملبے سے مزید پچیس لاشیں نکال لی گئیں ہیں جس کے بعد شہادتیں 68 ہزار ہوگئی ہیں۔

ادھر حماس نے غزہ امن معاہدے کے تحت 2 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دی ہیں۔ اسرائیل نے مزید 45 فلسطینیوں کی لاشیں واپس کی ہیں جن پر تشدد، گولیوں کے زخم اور ٹینکوں سے روندے جانے کے نشانات پائے گئے ہیں۔

دی گارجین کے مطابق حماس کی القسام بریگیڈ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے زندہ قیدیوں سمیت “قابلِ رسائی” تمام لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ باقی لاشوں کو ملبے سے نکالنے کے لیے خصوصی آلات اور محنت درکار ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع نے دھمکی دی ہے کہ اگر حماس نے معاہدے کی پابندی نہ کی تو اسرائیل غزہ پر دوبارہ حملہ کرے گا اور اس دفعہ حماس کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

دو یرغمالیوں کی لاشوں کی تصدیق

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان کے مطابق بدھ کے روز حوالے کی گئی دو یرغمالیوں کی لاشوں کی شناخت انبر ہیمن اور محمد االاطرش کے نام سے ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ حماس اس سے قبل بھی 8 یرغمالیوں کی لاشوں کو اسرائیل کے حوالے کرچکا ہے۔ مزید 2 لاشوں کی حوالگی کے بعد اسرائیل کو موصول ہونے والے ہلاک یرغمالیوں کی لاشوں کی تعداد 10 ہوگئی۔ تاہم اسرائیل نے ایک لاش سے متعلق دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ ان کے مغوی کی نہیں ہے۔

حماس نے مزید 4 لاشیں اسرائیل کے حوالے کردیں، ایک لاش یرغمالی کی نہیں، اسرائیل کا دعویٰ

اسرائیل کی جانب سے 45 فلسطینیوں کی لاشیں واپس

حماس کے زیر انتظام فلسطینی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے بدھ کے روز مزید 45 فلسطینیوں کی لاشیں واپس کی ہیں. جس کے بعد واپس کی گئی لاشوں کی مجموعی تعداد 90 ہوگئی ہے۔

خبر رساں ادارے مڈل ایسٹ آئی کے مطابق واپس کی گئی لاشوں پر تشدد، گولیوں کے زخم اور ٹینکوں سے روندے جانے کے نشانات پائے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ لاشیں غزہ میں اسرائیلی حملوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تھیں، جنہیں غزہ کی مختلف مردہ خانوں میں رکھا گیا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی

دوسری جانب اسرائیلی فوج جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ٖغزہ میں امداد لے کر آنے والی ٹرکوں کو محدود داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔ اسرائیل نے غذائی اور طبی امداد غزہ تک پہنچانے کے لیے اہم راستہ سمجھا جانے والا رفح کراسنگ بارڈر بھی بدستور بند کر رکھا ہے۔

Palestine

Hammas

Israel Palestine conflict

Red Cross

IDF

Hamas Israel Deal