Aaj News

کراچی: نشئی نے کھیل کے دوران شور مچانے پر بچوں پر پیٹرول پھینک کر آگ لگادی، 2 جاں بحق

ملزم نے خودکشی کی کوشش میں اپنا گلا کاٹ لیا تاہم پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا
شائع 16 اکتوبر 2025 12:01am

کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں نشئی نے بچوں پر پیٹرول پھینک کر آگ لگادی، زخمی ہونے والے 4 بچوں میں سے 2 جاں بحق ہوگئے۔

بدھ کو کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں آگ سے جھلسنے والے 2 بچے جاں بحق ہوگئے، نشئی پڑوسی نے بچوں کو کھیل کے دوران شور مچانے پر پیٹرول پھینک کر جلایا تھا۔

جاں بحق بچوں میں 2 سالہ ایاز اور 13 سالہ فہمیدہ شامل ہیں، جب کہ 4 سالہ فراز اور 7 سالہ سونی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق بچوں کے کھیل کے دوران شور مچانے پر تکرار پر ملزم نے چھت سے پیٹرول پھینکا، جس کے بعد ملزم نے خودکشی کی کوشش میں اپنا گلا کاٹ لیا تاہم پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔

کراچی میں رہائشی عمارت کے اندر قائم آئل ڈپو میں خوفناک آتشزدگی

دوسری جانب کراچی کے علاقے شیرشاہ میں رہائشی عمارت کے اندر قائم آئل ڈپو میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔

آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیاں اور ایک واٹر باؤزر موقع پر پہنچے اور آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر بھرپور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

AAJ News Whatsapp

اہل علاقہ کے مطابق گلی میں بہنے والے آئل کے باعث آگ تیزی سے پھیلی، جس میں 2 بچوں سمیت 5 افراد جھلس کر زخمی ہوئے، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق متاثرہ عمارت میں موم بتی کا کارخانہ بھی موجود تھا جب کہ گیس لائن سے اخراج کے باعث شعلوں کی شدت میں اضافہ ہوا۔

حکام کے مطابق گیس اور بجلی کی فراہمی فوری طور پر معطل کر دی گئی تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔ ریسکیو اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے۔

karachi

Karachi Fire