Aaj News

حماس نے مزید 4 لاشیں اسرائیل کے حوالے کردیں، ایک لاش یرغمالی کی نہیں، اسرائیل کا دعویٰ

اسرائیل نے قید میں رکھے مزید 45 فلسطینیوں کی لاشیں واپس کیں۔
اپ ڈیٹ 15 اکتوبر 2025 07:38pm

حماس نے منگل کی شب مزید چار یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دیں، جس کے بعد اسرائیل کے حوالے کیے گئے مردہ یرغمالیوں کی تعداد 8 ہوگئی۔ تاہم اسرائیل نے کل شب حوالے کی گئی لاشوں میں سے ایک کے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ وہ ان کے یرغمالی کی نہیں ہے۔

غزہ امن منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت حماس کی جانب سے 48 اسرائیلی یرغمالیوں کو واپس رہا کیا جانا تھا، جن میں سے 20 زندہ اور 28 مردہ یرغمالیوں کو حوالے کیا جانا تھا۔ اب تک تمام 20 زندہ یرغمالیوں سمیت 8 مردہ یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کی جاچکی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے منگل کی شب حماس کی جانب سے مزید 4 لاشیں وصول ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ انکی فرانزک تحقیقات کی جائیں گی۔

ادھر، غزہ کی وزارتِ صحت نے بتایا کہ اسرائیل نے بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے ذریعے مزید 45 فلسطینیوں کی لاشیں حوالے کی ہیں، جس کے بعد واپس کی گئی لاشوں کی مجموعی تعداد 90 ہو گئی ہے۔

[الجزیرہ][1] کے مطابق وزارتِ صحت نے بتایا کہ میڈیکل ٹیمیں لاشوں کے معائنے، دستاویز بندی اور اہلِ خانہ کے حوالے کرنے کے لیے انہیں طبی اصولوں اور طریقہ کار کے مطابق تیار کر رہی ہیں۔

طبی ذرائع نے الجزیرہ کو بتایا کہ منگل کے روز اسرائیلی فورسز کی جانب سے واپس کی جانے والی بعض لاشیں آنکھوں پر پٹی اور ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگی ہوئی تھیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر ”میدانی سطح پر قتل“ کیے گئے۔

امدادی سامان کی آمد ورفت پر نئی پابندی

اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ میں امدادی سامان لانے والے ٹرکوں کی تعداد کو نصف کر دے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ 600 امدادی ٹرکوں کے بجائے صرف 300 ٹرک روزانہ غزہ میں داخل ہو سکیں گے۔ اسرائیل کے مطابق اس فیصلے کا مقصد حماس کو سزا دینا ہے کیونکہ اس نے یرغمالیوں کی لاشیں بروقت واپس نہ کرکے معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کی ہے۔

اسرائیل کا نیا دعویٰ

اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ منگل کی شب حماس کی جانب سے ریڈ کراس کے ذریعے حوالے کی گئی چار لاشوں میں سے ایک لاش ”کسی بھی یرغمالی سے میل نہیں کھاتی“۔

اسرائیل کی جانب سے اب یہ کہا جارہا ہے کہ انہیں 7 مردہ یرغمالیوں کی لاشیں موصول ہوچکی ہیں، جبکہ 21 یرغمالیوں کی لاشیں ابھی تک غزہ میں ہی موجود ہیں۔

تین لاشوں کی شناخت

اسرائیل افواج نے جن تین یرغمالیوں کی شناخت کی تصدیق کی، انکے متعلق دعویٰ کیا کہ 35 سالہ یوریل باروخ کو نومبر 2023 میں نووا میوزک فیسٹیول سے اغوا کیا گیا تھا۔ 20 سالہ تمیر نمروڈی 7 اکتوبر کو ایریز کراسنگ پر ایک تعلیمی افسر کے طور پر کام کر رہے تھے جبکہ 53 سالہ ایتان لیوی ٹیکسی ڈرائیور تھے جو 7 اکتوبر جنہیں غزہ کے قریب حماس نے قتل کیا اور بعد میں غزہ لے جایا گیا۔

Israel

Hammas

Israel Palestine conflict

IDF

Gaza Ceasefire

Hamas Israel Deal

Gaza ceasefire deal

Gaza Under Attack