’وزیراعظم شہباز شریف کی نیتن یاہو سے ملاقات اور مصافحہ‘: شاندانہ گلزار کے دعوے کی حقیقت کیا ہے؟
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شاندانہ گلزار نے بدھ کی صبح ایک متنازع سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مصر میں اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو سے ملاقات کی ہے۔
شندانہ گلزار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شئیر کرتے ہوئے لکھا: ’آرٹیکل 6! غداری! پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا، نیتن یاہو جیسے قاتل سے ملاقات ناقابلِ قبول ہے یا کیا خون لیگ نے الگ ملک بنا لیا ہے؟‘
اس کے ساتھ انہوں نے ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں شہباز شریف ایک شخص سے ہاتھ ملا رہے ہیں۔

تصویر کی کوالٹی کافی خراب تھی اور اسے دیکھ کر بظاہر ایسا لگتا ہے وزیراعظم شہباز شریف نیتن یاہو سے مسکراتے ہوئے مصافحہ کر رہے ہیں۔
تاہم شاندانہ گلزار کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا ہے، کیونکہ یہ تصویر اسرائیلی وزیراعظم کی نہیں بلکہ آرمینیا کے وزیراعظم نیکول پشینیان کی ہے، جو مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والے امن اجلاس کے دوران لی گئی۔
شرم الشیخ میں غزہ امن منصوبے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر شہباز شریف کی آرمینیا کے وزیراعظم سے مختصر ملاقات ہوئی تھی، جس کی ویڈیو بھی اس وقت مختلف عالمی میڈیا چینلز پر نشر ہوئی تھی۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم کے ساتھ آذربائیجان کے صدر الہام علییف بھی موجود تھے۔
متعدد سوشل میڈیا صارفین نے شاندانہ گلزار کی پوسٹ کے نیچے یہی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کے دعوے کو غلط ثابت کیا۔
ایک صارف نے جب شاندانہ سے وضاحت پوچھی تو انہوں نے جواب دیا: ’سر، وہ مصر میں چند ماہ پہلے ملے تھے، یہ جعلی نہیں ہے۔‘

تاہم حقیقت یہ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان کسی قسم کی ملاقات نہ مصر میں ہوئی، نہ کسی اور مقام پر آمنا سامنا ہوا۔
پاکستان کی حکومت بارہا واضح کر چکی ہے کہ وہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتی اور اس سے کسی سطح پر سفارتی روابط نہیں رکھتی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بھی اس حوالے سے ”ایکس“ پر لکھا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف کی دو روز قبل مصر میں آذربائیجان کے صدر اور آرمینیا کے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ بعض مقامی سیاسی عناصر اس ملاقات کی ویڈیو کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں اور ایک مکمل جھوٹی کہانی گھڑ رہے ہیں۔ اس تصویر کے حوالے سے جھوٹ پھیلانے والوں کو پاکستان کی عزت و وقار کا کوئی خیال نہیں۔‘
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ شاندانہ گلزار نے اپنی متنازع پوسٹ تاحال ڈیلیٹ نہیں کی، حالانکہ درجنوں صارفین نے ویڈیو شواہد کے ساتھ ان کے دعوے کو جھوٹا ثابت کر دیا ہے۔
فیکٹ چیک کے مطابق شاندانہ گلزار کا یہ دعویٰ کہ شہباز شریف نے نیتن یاہو سے ملاقات کی، غلط اور گمراہ کن ہے۔ تصویر میں نظر آنے والا شخص اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نہیں بلکہ آرمینیا کے وزیراعظم نیکول پشینیان ہیں، جن سے شہباز شریف نے مصر میں امن کانفرنس کے دوران ملاقات کی تھی۔
Aaj English













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔