Aaj News

پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوگیا

پاکستان 2026 تا 2028 کی مدت کے لیے بھاری اکثریت کے ساتھ رکن منتخب ہوا ہے، اسحاق ڈار
شائع 14 اکتوبر 2025 11:02pm

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مؤثر کردار کا ایک بار پھر اعتراف کیا گیا ہے، پاکستان 2026 سے 2028 تک اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوگیا ہے۔

منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کو اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب کرلیا گیا ہے، جس کی مدت 2026 سے 2028 تک ہوگی۔ پاکستان کو اس انتخاب میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی۔

اسحاق ڈار نے تمام اقوامِ متحدہ کے رکن ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا انتخاب عالمی سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے اس کے مضبوط کردار اور خدمات کا اعتراف ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ برداشت، احترام، شمولیت، اتفاقِ رائے اور تعمیری شراکت کے اصولوں پر مبنی تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر انسانی حقوق کے فروغ، اقلیتوں کے تحفظ اور مساوات کے فروغ کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔

وزیراعظم کا اظہار مسرت

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں سال 2026 سے 2028 تک نئے رکن کے طور پر پاکستان کی شمولیت پر اظہار مسرت کیا ہے۔

AAJ News Whatsapp

وزیر اعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کا اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہونا اقوام متحدہ میں پاکستان کے مؤثر اور بھرپور کردار کا عکاس ہے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم دنیا بھر میں انسانی حقوق کی سر بلندی کے لئے کونسل میں پاکستان کے بھرپور کردار کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔

Ishaq Dar

پاکستان

United Nations

UN Human Rights Council

Minister Ishaq Dar

Foreign Minister Ishaq Dar

Deputy PM Ishaq Dar

Pakistan elected as a member of the UN Human Rights Council