Aaj News

پاکستان میں سونے کی قیمت نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، فی تولہ مزید 5 ہزار 500 روپے مہنگا

عالمی مارکیٹ میں بھی سونا پیر کے روز نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
شائع 13 اکتوبر 2025 01:41pm

عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں اضافے کے بعد پاکستان میں بھی سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ پیر کے روز ملکی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 500 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 28 ہزار 200 روپے مقرر کی گئی۔ یہ ملکی تاریخ کی اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونا 4 ہزار 715 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 67 ہزار 112 روپے میں فروخت ہوا۔ ہفتے کے روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار 100 روپے کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد وہ 4 لاکھ 22 ہزار 700 روپے تک جا پہنچی تھی۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونا پیر کے روز نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی منڈی میں سونا 55 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 71 ڈالر فی اونس (20 ڈالر پریمیم کے ساتھ) تک جا پہنچا۔ اس کے ساتھ ہی چاندی کی قیمت بھی تاریخ کی نئی بلندی پر پہنچ گئی، جو فی تولہ 147 روپے اضافے کے بعد 5 ہزار 247 روپے ہوگئی۔

AAJ News Whatsapp

عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں یہ اضافہ امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے متوقع شرحِ سود میں کمی اور امریکا۔چین تجارتی کشیدگی میں اضافے کے باعث دیکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت اسپاٹ گولڈ 0.7 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ہزار 44.29 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہورہا ہے، جبکہ دن کے آغاز میں یہ 4 ہزار 59.30 ڈالر کی بلند ترین سطح کو چھو چکا ہے۔

دوسری جانب امریکی سونا (دسمبر کے لیے فیوچر کنٹریکٹ) 1.6 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ہزار 62.50 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا۔ ماہرین کے مطابق بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاروں کے محفوظ سرمایہ کاری (Safe Haven) کی جانب رجحان نے سونا اور چاندی دونوں کی قیمتوں کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔

Gold prices

Gold rates Pakistan

Gold Rates 2025

gold rate increase