Aaj News

اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں مذہبی جماعت کا احتجاج: میٹرو اور انٹرنیٹ دوسرے روز بھی بند

لاہور سے گرفتار ملزمان کے اعترافی بیانات مل چکے ہیں جن میں تشدد کی منصوبہ بندی کی تفصیل موجود ہے، طلال چوہدری
اپ ڈیٹ 11 اکتوبر 2025 08:02pm

غزہ میں جنگ بندی کے لیے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے باہرمذہبی جماعت کے اعلان کردہ احتجاج کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد میں معمولاتِ زندگی دوسرے روز بھی بری طرح متاثر ہیں۔ جڑواں شہروں کے بیشتر راستے مکمل طور پر بند ہیں، میٹرو بس سروس معطل ہے اور موبائل انٹرنیٹ سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے فیض آباد انٹرچینج، جی ٹی روڈ، موٹروے اور مری روڈ سمیت مرکزی شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔ جس کے باعث شہریوں کو دفاتر اور تعلیمی اداروں تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

لاہور کے علاقے شاہدرہ میں مذہبی جماعت کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے۔

اسلام آباد میں ریڈ زون مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ صرف مارگلہ روڈ کو آمد و رفت کے لیے کھلا رکھا گیا ہے۔ راولپنڈی میں وارث خان، کمیٹی چوک، سکستھ روڈ، شمس آباد، ایران روڈ، راول روڈ، شاہین چوک، صدر اور پرانے ائیرپورٹ سے آنے والے تمام راستے بھی بند ہیں۔

ذرائع کے مطابق فیض آباد، کھنہ پل، کری روڈ اور ڈھوک کالا خان کے داخلی راستے بھی کنٹینرز لگا کر سیل کر دیے گئے ہیں۔ ائیرپورٹ جانے والے راستوں کی بندش کے باعث پروازوں میں تاخیر کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب راولپنڈی انتظامیہ نے ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے جبکہ جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس دوسرے روز بھی معطل ہے۔

AAJ News Whatsapp

جمعے کی رات وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے فیض آباد کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ’کسی جتھے کو اسلام آباد یا کسی اور شہر پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔‘

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا کہ فلسطین اور غزہ کے نام پر احتجاج کیا جارہا ہے جب کہ پوری دنیا فلسطین کے معاملے پر خوش ہے کیونکہ اسرائیل کو پسپا ہونا پڑا اور اب اس احتجاج کا کوئی مقصد نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مذۃبی جماعت کے لاہور سے گرفتار ملزمان کے اعترافی بیانات مل چکے ہیں جن میں تشدد کی منصوبہ بندی کی تفصیل موجود ہے اور کچھ افراد کے پاس پرتشدد کارروائیوں میں استعمال ہونے والا سامان بھی ملا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور میں تصادم کے دوران پولیس اور رینجرز کے متعدد اہلکار زخمی ہوئے اور سیف سٹی کیمروں کو بھی نقصان پہنچ چکا ہے جبکہ فائرنگ کی وارداتیں بھی ریکارڈ ہوئی ہیں۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسی دوٹوک ہے ملک میں تشدد اور تماشہ برداشت نہیں کیا جا سکتا اور پنجاب حکومت معاملے کو بہترین انداز میں ہینڈل کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت وقت کیلئے لاہور میں دو ہزار کے قریب لوگوں کو روکنا کوئی مسئلہ نہیں، لیکن طاقت کے کم سے کم استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں پولیس اور ایف سی کے جوان بڑی تعداد میں تعینات ہیں جبکہ فیض آباد کے تمام ہوٹلز کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ راستوں کی بندش سے کاروباری سرگرمیاں، تعلیمی نظام اور روزمرہ زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔

ادھر وزارت داخلہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں، کیونکہ ممکنہ طور پر احتجاجی صورت حال مزید طول پکڑ سکتی ہے۔

rawalpindi

TLP

talal chaudhry

Tehreek e Labbaik Pakistan

mohsin naqvi

US Embassy Islamabad

ROADS BLOCKED

islamabad protest