ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ، 5 دہشتگرد ہلاک، 6 اہلکار شہید
خیبرپختوںخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول رتہ کلاچی پر فتنۃ الخوارج کا بڑا حملہ سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ پانچ گھنٹے طویل آپریشن پانچ دہشت گرد مارے گئے جبکہ چھ پولیس جوان شہید اور تیرہ زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق تمام زیرِ تربیت ریکروٹس اور عملے کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعہ گزشتہ شب اس وقت پیش آیا جب دہشت گردوں نے بارود سے بھرا ٹرک پولیس ٹریننگ اسکول کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دیا، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے فوراً بعد مختلف یونیفارم پہنے دہشت گرد اسکول کے اندر داخل ہوگئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملہ آوروں نے رات کی تاریکی میں بارود سے بھری گاڑی اسکول کے مرکزی دروازے سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پولیس اہلکاروں نے غیر معمولی جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری جوابی کارروائی کی، جس میں تین خوارج موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ بعد ازاں سیکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید دو دہشتگردوں کو بھی مار گرایا۔
اس افسوس ناک واقعے میں چھ بہادر پولیس اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ بارہ اہلکار اور ایک شہری زخمی ہوئے۔ حملے کے دوران خوارج نے مسجد میں گھس کر امام مسجد کو شہید کیا، جسے آئی ایس پی آر نے دہشتگردوں کی ”سفاکیت کی بدترین مثال“ قرار دیا۔
اس سے قبل ذرائع نے چھ دہشتگردوں کےمارے جانے اور سات پولیس اہلاکورں کی شہادت کی اطلاع دی تھی۔ تاہم، آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ہلاک دہشتگردوں کی تعداد پانچ اور شہداء کی تعداد چھ ہے۔

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد، جدید اسلحہ اور ایمونیشن برآمد ہوا۔ زخمی ہونے والے تیرہ پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی او ڈیرہ کے مطابق حملے کے وقت ٹریننگ اسکول میں تقریباً دو سو کے قریب ٹرینی، اساتذہ اور اسٹاف موجود تھا جنہیں بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بتایا کہ علاقے کو مکمل طور پر کلیئر قرار دے دیا گیا ہے اور اب سرچ اینڈ کلین آپریشن جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے۔
آپریشن میں ایس ایس جی کمانڈوز، البرق فورس، ایلیٹ فورس اور پولیس کے جوانوں نے حصہ لیا۔
انہوں نے آر پی او اور ڈی پی او کی قیادت میں کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ آئی جی پی نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے تمام افسروں اور جوانوں کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔
Aaj English













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔