2023 کا نیشنل پاور بریک ڈاؤن: نیپرا نے کے الیکٹرک کو ذمہ دار قرار دے دیا
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک میں 2023 میں ہونے والے بڑے پاور بریک ڈاؤن پر فیصلہ سناتے ہوئے ”کے الیکٹرک“ کو ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔ اتھارٹی نے کے الیکٹرک پر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی اپنی آپریشنل ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہی۔
نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے دی گئی وضاحتیں اور جوابات پاور بریک ڈاؤن کا کوئی قابلِ قبول جواز فراہم نہیں کرتے۔ فیصلہ میں کہا گیا کہ بریک ڈاؤن کی ذمہ داری صرف نیشنل گرڈ پر ڈالنا درست نہیں، کے الیکٹرک اپنے سسٹم کی کمزوریوں اور خامیوں کی بھی برابر ذمہ دار ہے۔
اتھارٹی نے قرار دیا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے جمع کرائے گئے جوابات غیر اطمینان بخش اور ناقابلِ قبول ہیں، جبکہ کمپنی کو ہدایت دی گئی ہے کہ 15 روز کے اندر عائد جرمانہ قومی خزانے میں جمع کرائے۔
نیپرا کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’’لو سسٹم انرشیا‘‘ کا حوالہ تکنیکی لحاظ سے درست ضرور ہے مگر یہ ناکافی وضاحت ہے۔
رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک نے اپنے بلیک اسٹارٹ پلان کی مؤثر کارکردگی دکھانے میں ناکامی ظاہر کی، حالانکہ کمپنی نے بلیک اسٹارٹ کی مشقیں انجام دینے کا دعویٰ کیا تھا۔
اتھارٹی نے مزید کہا کہ بار بار ٹرپنگ کے واقعات سے واضح ہوتا ہے کہ کے الیکٹرک کے حفاظتی اقدامات غیر مؤثر تھے اور پلانٹس کی تکنیکی خامیاں بدستور برقرار رہیں۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کو جواب جمع کرانے کا موقع فراہم کیا، اور سماعت کا عمل کئی بار مؤخر ہوا۔ ابتدائی سماعت 14 نومبر 2024 کو ہونا تھی لیکن کے الیکٹرک کی درخواست پر ملتوی کی گئی۔ بعد ازاں دوبارہ سماعت 20 مارچ 2025 کو نیپرا ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی، جس کے بعد اتھارٹی نے یہ حتمی فیصلہ سنایا۔
ذرائع کے مطابق نیپرا کے اس فیصلے کے بعد کے الیکٹرک کو اپنے سسٹم میں موجود تکنیکی خامیاں دور کرنے اور مستقبل میں بلیک اسٹارٹ پلان کو فعال اور مؤثر بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے۔
Aaj English














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔