Aaj News

کمپٹیشن کمیشن نے اسٹیل کارٹل پر ڈیڑھ ارب روپے جرمانہ عائد کر دیا

دو بڑی کمپنیز اسٹیل کی قیمتوں کے گٹھ جوڑ میں ملوث قرار
شائع 08 اکتوبر 2025 12:52pm

کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے اسٹیل سیکٹر میں قیمتوں کے گٹھ جوڑ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو بڑی اسٹیل کمپنیوں پر ڈیڑھ ارب روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔

ترجمان سی سی پی کے مطابق تحقیقات میں ثابت ہوا کہ دونوں کمپنیوں نے گزشتہ تین سالوں کے دوران اسٹیل کی قیمتوں میں غیرقانونی طور پر 111 فیصد تک اضافہ کیا، جس سے صارفین کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ رپورٹ کے مطابق خام اسٹیل کی قیمت میں فی ٹن ایک لاکھ 46 ہزار روپے کا مصنوعی اضافہ کیا گیا، جس کے پیچھے باہمی گٹھ جوڑ (کارٹلائزیشن) کا واضح ثبوت ملا۔

کمپٹیشن کمیشن نے اپنی تفصیلی رپورٹ میں کہا کہ دونوں کمپنیوں نے 2021 سے 2024 کے درمیان مسلسل قیمتوں میں ہم آہنگی کے ذریعے منافع بڑھایا اور مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کی۔ انکوائری جون 2024 میں اس وقت شروع ہوئی جب صارفین اور بلڈرز ایسوسی ایشن نے شکایات درج کرائیں۔

AAJ News Whatsapp

بعد ازاں سی سی پی کی ٹیم نے دونوں کمپنیوں کے دفاتر پر چھاپے مار کر اہم شواہد حاصل کیے، جن کی بنیاد پر مارچ 2025 میں شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔

فیصلے کے مطابق دونوں کمپنیوں کو 60 دن کے اندر جرمانہ جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے، بصورت دیگر ہر روز تاخیر پر ایک لاکھ روپے اضافی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

چئیرمین کمپٹیشن کمیشن کبیر سدھو نے کہا کہ کسی بھی مارکیٹ میں کارٹلائزیشن یا قیمتوں کے گٹھ جوڑ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اسٹیل جیسے بنیادی شعبے میں غیر منصفانہ منافع خوری نہ صرف تعمیراتی لاگت بڑھاتی ہے بلکہ عام صارف پر بھی بوجھ ڈالتی ہے، اس لیے سی سی پی اپنی نگرانی مزید سخت کرے گا۔‘

Steel Mills

Competition Commission of Pakistan (CCP)

Steel cartel