Aaj News

’آئندہ پنجاب پر بات کرنے سے پہلے سو مرتبہ سوچنا‘: مریم نواز کی پیپلز پارٹی کا نام لیے بغیر تنقید

مریم نواز کیوں معافی مانگے، سیلاب کے دوران تنقید کرنے والے ترجمان معافی مانگیں، وزیراعلیٰ پنجاب کا لاہور میں خطاب
اپ ڈیٹ 03 اکتوبر 2025 05:47pm

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیپلز پارٹی کا نام لیے بغیر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کیوں معافی مانگے، سیلاب کے دوران تنقید کرنے والے ترجمان معافی مانگیں، میں نے اپنے عوام کے لیے آواز بلند کیں، آئندہ پنجاب پر بات کرنے سے پہلے سو بار سوچیں۔

جمعے کو لاہور میں الیکٹرک بسوں کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی میری ترجیج ہے، لاہور میں الیکٹرک بسیں عوام کے لیے تحفہ ہیں، لاہور میں مزید الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی، ایس آر ٹی سب سے پہلے لاہور میں چلائی گئی تھی، لاہور کے چپے چپے میں میں ترقی کا سہرا ن لیگ کو جاتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ میں نے نوازشریف اور شہبازشریف کی روایت کو آگے بڑھایا، میں نے منصوبوں کو پورے پنجاب تک پھیلایا، دوسرے صوبوں کے لوگ لاہور آکر کہتے ہیں لگتا ہے دوسرے ملک آگئے، لوگ کہتے ہیں اپنا وزیراعلی ہمیں دے دیں، پورے پنجاب میں گرین بسیں رواں دواں ہیں، پورے پنجاب کی ترقی میرا مشن ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اپنی طرح عوام کے لیے بھی اے سی والی گاڑیاں لیں، میری گاڑی وائی فائی نہیں، عوام کی گاڑی میں ہے، میری گاڑی میں چارجنگ پن نہیں، عوام کی گاڑی میں ہے، معذور افراد کے لیے بسوں میں خصوصی جگہ مختص ہے، الیکٹرک بس میں سفر کرنے والے معذور افراد کو وہیل چیئر دیں گے، پنجاب کے کئی شہروں میں سرکاری بس سروس ہی نہیں تھی۔

عمران خان کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میانوالی کا ایک شخص اقتدار میں آیا تھا، میانوالی میں بھی سرکاری بس سروس نہیں تھی، اب میانوالی کے لوگ بس سروس پربہت خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرین بس سروس کا کرایہ صرف 20 روپے ہے، گرین بس خواتین، طالب علموں، بزرگوں اور معذوروں کے لیے مفت ہے، ٹھوکر نیاز بیگ سے رائے ونڈ تک بس سروس شروع کررہے ہیں، پہلے ٹھوکر سے رائے ونڈ تک کوئی بس سروس نہیں تھی، بس ٹھوکر سے کینال کے راستے جھلو موڑ تک جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللہ نے مجھے عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے، پنجاب کو محفوظ بنانے کے لیے دن رات کام کررہی ہوں، آج بھی مختلف محکموں کے لوگوں سے ملاقات کی، پنجاب کے تمام 37 اضلاع میں 90 ہزار گھر بن رہے ہیں، گھر اپنا گھر اپنی چھت کے تحت بن رہے ہیں، نومبر کے شروع تک ایک لاکھ گھر کا ٹارگٹ پورا کرلیں گے، مزید 4 سے 5 لاکھ افراد کو اپنا گھر ملے گا، ان شاء اللہ۔

AAJ News Whatsapp

مریم نواز کے بقول عوام کو گھر کی دہلیز تک صاف پانی پہنچائیں گے، پنجاب بھر میں سیوریج و ڈرینج کا سسٹم لارہے ہیں، ستھرا پنجاب کے ڈیڑھ لاکھ ورکرز کام کررہے ہیں، ہر گاؤں ہر شہرمیں سڑکیں بنائی جارہی ہیں، گاؤں کی سڑکیں اور گلیاں پکی کی جائیں گی، دیہاتوں میں پارکس بنانے جارہے ہیں، اللہ نے پورے 5 سال دیے تو پنجاب ترقی کرجائے گا، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی میٹرو بننے جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2 ملین خاندانوں کو راشن کارڈ دینے جارہے ہیں، معذور افراد کو ہمت کارڈ بھی دے رہے ہیں، اقلیتی برادری کو مینارٹی کارڈز بھی دیے جارہے ہیں، اسموگ کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں، لاہور کی سڑکوں پر اسموگ کنٹرول گنز کام کررہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب میں صحت اور تعلیم پر بھی بہت کام ہورہا ہے، لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا کینسر اسپتال بن رہا ہے، پنجاب کے کئی شہروں میں امراض قلب کے اسپتال بن رہے ہیں، ان شاء اللہ، ہر شہر میں ہر بیماری کا علاج کیا جائے گا، لاہور میں نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ بن رہا ہے، میڈیکل ڈسٹرکٹ میں ہر مرض کا علاج کیا جائے گا، پنجاب کے ہر شہر کو محفوظ بنایا جائے گا۔

مریم نواز کے بقول پنجاب میں حالیہ سیلاب کے دوران پونے دوسو لوگوں کو سانپوں نے کاٹا، ہم تیار تھے، ہم نے تمام جانیں بچالیں، سیلاب کے دوران انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کو بھی بچایا، ہماری کابینہ کے ارکان 14،14 دن گھر نہیں گئے، جب کسی صوبے پر تکلیف آتی تو کیا ہم الزامات لگاتے ہیں، ہم ہمیشہ دوسرے صوبوں کی مدد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کلاؤڈ بلاسٹ کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں 500 اموات ہوئیں، میں نے علی امین گنڈا پور کو فون کرکے مدد کی پیشکش کی، خیبرپختونخوا کے عوام بھی ہمارے پاکستانی بہن بھائی ہیں، جس وزیراعلی کو میرا منصوبہ پسند آتا ہے تو میں ٹیکنالوجی دیتی ہوں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ صدر آصف زرداری بہت محترم ہیں، بلاول میرا بھائی ہے، پنجاب کےعوام پر دکھ کی گھڑی آئی تو مدد نہیں مانگی، پنجاب پر تباہی آئی تو باہر پریس کانفرنس کرکے مذاق بنایا جارہا تھا، مجھے کہا گیا کہ عالمی امداد کیوں نہیں مانگتی، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنا ہو تو ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں۔

مریم نواز کے بقول بینظیر انکم سپورٹ پروگرا (بی آئی ایس پی) سے مدد لینے کا بھی کہا گیا تھا، مجھےغریب افراد کا ڈیٹا نہیں چاہیے تھا، مجھے سیلاب متاثرین کا ڈیٹا چاہیے تھا، پنجاب میں نہریں ہم نے اپنے پیسوں سے نکالنا تھیں، ہمارے کسانوں کے حق کو سیاست کی نذر کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے کی بات کی جائے گی توجواب دوں گی، پنجاب کی وزیراعلی ہوں تو پنجاب کی بات کروں گی، باہر سے بیٹھ کرپنجاب کےعوام پر بات ہوگی تو جواب دوں گی، میں 24 گھنٹے مصروف ہوتی ہوں، جواب دینے کا وقت نہیں ہوتا، مجھے لگا کہ عوام کے لیے جواب دینا پڑے گا، بات کرو گے تو زور دار جواب ملے گا۔

پنجاب کے بسنے والوں کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دوں گی، پنجاب کے عوام پر تنقید کرنے والے معافی مانگیں، میں اپنےعوام کے حقوق کی حفاظت کروں گی، مریم نواز کیوں معافی مانگے، سیلاب کے دوران تنقید کرنے والے ترجمان معافی مانگیں، میں نے اپنے عوام کے لیے آواز بلند کیں، آئندہ پنجاب پر بات کرنے سے پہلے سو بار سوچیں۔

Maryam Nawaz

lahore

Maryam Nawaz Sharif

Pakistan People's Party (PPP)

CM Punjab Maryam Nawaz

pmln vs ppp