جنگ جیت چکے، بھارت کے ساتھ جامع اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے تیار ہیں: وزیراعظم کا جنرل اسمبلی میں خطاب
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے 7 جنگی طیاروں کو ملبے کا ڈھیر بنادیا، ایسا فیصلہ کن جواب دیا جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہم جنگ جیت چکے ہیں اور اب ہم اپنے خطے میں امن چاہتے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر بھارت کو تمام تنازعات پر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور پر جامع اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
جمعے کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم شہبازشریف کے خطاب کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی تقریر کا بائیکاٹ کرنے والے متعدد عرب اور مسلم ممالک کے اراکین واپس آگئے، جس کے بعد مندوبین نے تالیاں بجا کر وزیراعظم شہبازشریف کو خوش آمدید کہا۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کا آغاز کا قرآنی آیت کے ساتھ کیا اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا جب کہ شہبازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے بھارت کو آئینہ دکھا دیا
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو آئینہ دکھایا اور دنیا کو پاکستان کی طاقت سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ دنوں میں مشرقی سرحد پر دشمن کی جارحیت کا جواب دیا، بھارت کو دیا گیا فیصلہ کن جواب تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، بھارت کے 7 جنگی طیاروں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا پہلے ہی کہا تھا کہ پاکستان بیرونی جارحیت کا بھرپور دفاع کرے گا، ہم نے بھارت سے جنگ جیتی اور امن کی بات کی۔
شہبازشر یف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب دیا، ہم بھارت سے جنگ جیت چکے تھے، صدر ٹرمپ مداخلت نہ کرتے تو فل فلش وار کے نتائج تباہ کن ہو سکتے تھے، صدر ٹرمپ پاک بھارت جنگ رکوانے میں امن کے نوبیل انعام کے مستحق ہیں، بھارت کو دیا گیا فیصلہ کن جواب تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اپنے خطاب کے دوران وزیرِ اعظم شہبازشریف نے بھارت کو تمام تنازعات پر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور پر جامع اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک دن کشمیریوں کو حقِ خودارادیت مل کر رہے گا، کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان ان کے ساتھ ہے، پاکستان سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے خطاب کے دوران پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
وزیراعظم کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران غزہ کا مقدمہ پیش کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، فلسطینیوں سے نا انصافی عالمی ضمیر پر داغ ہے، اسرائیل کی فلسطین کے خلاف مہم شرمناک ہے، غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی جاری ہے، جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، ہمیں غزہ میں اسرائیلی مظالم کے لیے بھرپور آواز اٹھانی چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 1967 کی سرحدوں کے مطابق فلسطینی ریاست کی بھرپور حمایت کرتا ہے، مسلم سربرابان سے صدر ٹرمپ کی ملاقات نے غزہ میں جنگ بندی کی نئی شمع روشن کی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افغان عبوری حکومت دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کرے، فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان، کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے مجید بریگیڈ افغانستان کی سرحد کو استعمال کر کے افغان علاقوں سے پاکستان میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے 90 ہزار شہریوں کی قربانی دی ہے، پاکستان اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق یوکرین کے پُرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔
رواں سال پاکستان کو بڑے سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، وزیراعظم
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی ماحولیاتی بحران پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو ماحولیاتی بحران کا سامنا ہے جس کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں، رواں سال پاکستان کو بڑے سیلاب کا سامنا کرنا پڑا 2022 میں بھی پاکستان کو تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو 34 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا، بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے، پاکستان ان 10 ملکوں میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، پاکستان کا فضا میں کاربن کے اخراج میں حصہ سالانہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، پاکستان ماحول دوست توانائی کے استعمال کو فروغ دے رہا ہے۔
ہم نے جنگ جیت لی، اب ہم امن جیتنا چاہتے ہیں، وزیراعظم
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جنگ جیت لی، اب ہم امن جیتنا چاہتے ہیں، ٹرمپ کے ساتھ خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، صدر ٹرمپ کا جنگ بندی میں کردار پر شکریہ ادا کیا، 24 کروڑ پاکستانیوں کی جانب سے ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کا جنگ بندی کا فیصلہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے اہم تھا، صدر ٹرمپ نے خیرسگالی کے جذبے کا اظہار کیا، بھارت کی سرحد پار دہشت گردی کا بھرپور جواب دے رے ہیں۔
جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر بھارتی میڈیا کے سوال پر وزیراعظم کا کرارا جواب
قبل ازیں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شریک وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی میڈیا کو منہ توڑ جواب دے دیا۔
جمعے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں ہال سے باہر جاتے ہوئے بھارتی نیوز چینل کے صحافی نے سرحد پار دہشت گردی سے متعلق سوال کیا جس پر وزیراعظم شہباز شریف جاتے ہوئے رک گئے اور ترکی بہ ترکی جواب دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم بھارت کی جانب سے کی جانے والی سرحد پار دہشت گردی کو شکست دے رہے ہیں۔
Aaj English













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔