Aaj News

متنازع گفتگو اور اشارے: آئی سی سی نے حارث رؤف اور سوریا کمار پر جرمانہ عائد کردیا

آئی سی سی نے صاحبزادہ فرحان کو آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
شائع 26 ستمبر 2025 06:56pm

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف اور بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو پر جرمانہ عائد کردیا اور قومی بیٹر صاحبزادہ فرحان کو آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

جمعے کو آئی سی سی نے قومی فاسٹ بولر حارث رؤف، قومی بیٹر صاحبزادہ فرحان اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی پیشی کا فیصلہ سنادیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے دعوے کے مطابق آئی سی سی نے قومی فاسٹ بولر حارث رؤف پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کردیا اور اشارے کرنے پر وارننگ بھی دے دی۔ حارث رؤف نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔

صاحبزادہ فرحان پر جرمانہ عائد نہیں کیا گیا تاہم بیٹ بندوق کی طرح لہرانے پر صرف وارننگ ملی ہے۔ آئی سی سی نے دونوں کھلاڑیوں کو لیول ون جرم کا مرتکب قرار دیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے صاحبزادہ فرحان کو آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

AAJ News Whatsapp

دوسری جانب آئی سی سی نے سیاسی بیان پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو قصور وار قرار دیتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔

بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاک بھارت میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔

دوران سماعت کیا ہوا؟

بھارتی کرکٹ بورڈ کی شکایت پر پاکستانی کرکٹرز حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ دونوں کھلاڑی آئی سی سی آفیشل کے سامنے پیش ہوئے جہاں میچ ریفری نے ان سے مختلف سوالات کیے۔ پاکستانی کرکٹرز نے سماعت کے دوران اپنے تحریری جواب بھی جمع کرائے۔

بھارت کے خلاف میچ کے دوران 0-6 اشارے اور سلیبریشن اسٹائل کے معاملے پر قومی کرکٹر حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان نے میچ ریفری کو لاجواب کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حارث رؤف نے میچ ریفری سے 0-6 کا مطلب پوچھ کر لاجواب دیا، رچی رچرڈسن نے کہا کہ آپ نے 0-6 کا اشارہ کیا، بھارتی بورڈ کو اس پر اعتراض ہے۔

حارث رؤف نے جواب دیا کہ بھارتی بورڈ بتائے 0-6 کا کیا مطلب ہوسکتا ہے،جس پر رچی رچرڈسن نے کہا کہ بھارتی بورڈ کو لگتا ہے یہ اشارہ آپ کسی اور چیز سے جوڑ رہے تھے۔

حارث رؤف نے جواب دیا کہ آپ یا وہ بتائیں میں 0-6 کو کس چیز سے جوڑ رہا تھا؟ میچ ریفری نے کہا کہ آپ بتائیں آپ نے یہ 0-6 کا اشارہ بار بار کیوں کیا؟

حارث رؤف نے جواب دیا کہ شائقین کی طرف محض اشارہ کیا، میرا اور کوئی مطلب نہیں تھا۔

دوسری جانب صاحبزادہ فرحان نے بھی سماعت میں میچ ریفری کو لاجواب کردیا، صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ ہم پٹھان ہیں، ہر خوشی میں گن سیلبریشن کی جاتی ہے۔

میچ ریفری نے کہا کہ یہ کرکٹ میچ تھا، یہاں آپ کا ارادہ مخالف ٹیم کو دکھانا لگتا ہے، صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ اگر کرکٹ کی بات ہے تو ماضی میں دھونی اور کوہلی بھی ایسا کر چکے ہیں۔

میچ ریفری نے کہا کہ آپ کا میچ جس ماحول میں ہوا، بھارت کو اعتراض ہے، صاحبزادہ فرحان نے جواباً کہا کہ دھونی اور کوہلی نے بھی کرکٹ میچ میں کیا،اس میں کیاخاص بات تھی؟

میچ ریفری نے جواب دیا کہ مخالف ٹیم اور بورڈ کو اعتراض ہے، ہم اس پر فیصلہ کریں گے۔

معاملہ کیا تھا؟

یاد رہے کہ 14 ستمبر کو بھارتی کپتان سوریا کمار نے ایشیا کپ کے گروپ اسٹیج میچ میں جیت کے بعد پریزنٹیشن میں گفتگو کرتے ہوئے پہلگام واقعے کا ذکر کرتے ہوئے متنازع بات کی تھی۔

جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کے خلاف آئی سی سی کو خط لکھا گیا تھا جس میں متنازع اور سیاسی بیان بازی پر بھارتی کپتان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے بعد پریزنٹیشن میں متنازع اور سیاسی بیان بازی کے ذریعے ہیرو بننے کی کوشش پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی سرزنش کی تھی۔

بعدازاں 21 ستمبر کو ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں صاحبزادہ فرحان نے ففٹی اسکور کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بلے کو بناوٹی گن بنا کر فائر کرنے کا اشارہ کیا تھا۔

دوسری جانب فاسٹ بولر حارث رؤف نے باؤنڈری لائن کے قریب فیلڈنگ کرتے ہوئے بھارتی تماشائیوں کی ہوٹنگ کا جواب دیتے ہوئے دونوں ہاتھوں سے چھ انگلیوں کا اشارہ کیا تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ اور فینز کو پاکستان سے میچ جیتنے کے باوجود دونوں کھلاڑیوں کا انداز ایک آنکھ نہ بھایا اور بھارت نے پاکستان کرکٹرز کے خلاف آئی سی سی میں شکایت درج کرائی تھی۔

dubai

Haris Rauf

Pakistan vs India

asia cup t20

asia cup final

surya kumar yadav

asia cup super four

asia cup 2025

India Pakistan Asia Cup 2025

Ind Vs Pak

Sahabzada Farhan