Aaj News

امریکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل کی ٹرمپ سے اہم ملاقات کا اعلامیہ جاری

نائب امریکی صدر جے ڈی وینس اور وزیرخارجہ مارکو روبیو بھی موجود تھے
اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2025 12:30pm

وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں تاریخی ملاقات ہوئی ہے جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔ ملاقات میں وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے کردار کی عوامی توثیق پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور سیکیورٹی اور انٹیلی جنس میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور شہباز شریف کے درمیان ملاقات ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی۔ نائب امریکی صدر جے ڈی وینس اور وزیرخارجہ مارکو روبیو بھی موجود تھے۔ پُرجوش اور دوستانہ ملاقات میں وزیراعظم نے ٹرمپ کوسراہتے ہوئے اُنہیں امن کا علمبردار قرار دیا ہے۔

ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹرمپ عالمی تنازعات ختم کرنے کی مخلصانہ کوششیں کررہے ہیں، ان کے کردار سے پاک بھارت جنگ بندی ممکن ہوئی ہے جس کے باعث جنوبی ایشیا میں ایک بڑے سانحے سے بچاؤ ہوا۔

اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے غزہ جنگ کے فوری خاتمے اور امن کی بحالی پر مسلم رہنماؤں کو مدعو کرنے پر ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امید ہے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی تعاون سمیت علاقائی سلامتی پربھی تبادلہ خیال کیا ہے۔

AAJ News Whatsapp

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے رواں برس کے آغاز میں پاکستان اور امریکا کے درمیان طے پانے والے ٹیرف انتظامات پر صدر ٹرمپ کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ٹرمپ کی قیادت میں پاکستان اور امریکا دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں وزیراعظم نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کی زراعت، آئی ٹی، کانوں اور معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی بھی دعوت دی ہے۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم کو وائٹ ہاؤس کا ماڈل پیش کیا گیا۔ تاریخی ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر وائٹ ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔

فوٹو: بشکریہ گورنمنٹ آف پاکستان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بہترین شخصیت کے مالک ہیں۔ وزیراعظم پاکستان بھی شاندار شخص ہیں۔ فیلڈ مارشل اور وزیراعظم دونوں عظیم رہنما ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اوول آفس میں ملاقات کے دوران پاک بھارت جنگ، پاک سعودیہ معاہدے اور مسئلہ کشمیر سمیت عالمی و علاقائی معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ واشنگٹن کے اینڈریوز ائیر بیس پہنچے تو ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔

فوٹو: بشکریہ گورنمنٹ آف پاکستان

امریکی ائیر فورس کے اعلی عہدیدار نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ وزیرِ اعظم موٹرکیڈ امریکی سیکیورٹی کے حصار میں ائیربیس سے روانہ ہوئے تھے۔

Donald Trump

white house

PM SHAHBAZ SHARIF

Field Marshal Asim Munir