وزیراعظم شہباز سے بل گیٹس کی ملاقات: صحت، ڈیجیٹل تبدیلی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس نے ملاقات کی اور صحت و ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے حالیہ 2025 کے سیلاب کے دوران گیٹس فاؤنڈیشن کی فراخدلی سے دی گئی امداد کا شکریہ ادا کیا اور 2022 کے سیلاب میں ان کی اہم مدد کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے، حفاظتی ٹیکہ جات اور غذائیت میں بہتری، نیز مالی شمولیت کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی قیمتی معاونت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری انتہائی اہم ہے۔
وزیراعظم نے معیشت کی بحالی، کیش لیس ڈیجیٹل نظام اور معاشی اصلاحات کے حوالے سے حکومتی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے گیٹس فاؤنڈیشن کے مثبت تعاون کو خصوصی طور پر سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے صحت، غذائیت، ڈیجیٹل تبدیلی اور ملک کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔