Aaj News

ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 13 دہشت گرد ہلاک

ہلاک دہشت گرد دسمبر 2023 میں ڈرابن کے خودکش حملے میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر
شائع 24 ستمبر 2025 07:49pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 24 ستمبر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں فتنہ الہندوستان کے خوارج کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے بھارتی اسپانسرڈ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج علاقوں میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے، جن میں دسمبر 2023 میں درابن میں خودکش بم حملے، سرکاری اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ میں معاونت بھی شامل ہے۔

AAJ News Whatsapp

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس سے قبل، 15 ستمبر کو ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس کی بنیاد پر 2 مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 31 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 13 اور 14 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 31 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔

security forces

Inter Services Public Relations (ISPR)

DIK

Fitnah Al Khawarij

Fitna Al Hindustan