Aaj News

کراچی میں موسلادھار بارش، نظام زندگی درہم برہم، ندی نالوں میں طغیانی

دنبا گوٹھ موٹر وے کے قریب مرغی سے بھرا ٹرک گرنے سے 7 افراد زخمی ہوئے، حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور بارش بنی۔
اپ ڈیٹ 10 ستمبر 2025 12:03am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی میں موسلادھار بارشوں نے نظام زندگی مفلوج کردیا، شہر کے بیشتر علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

کراچی میں منگل کے روز صبح سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے ملیر ندی میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے۔ دیگر نالوں میں بھی پانی کی سطح بلند ہورہی ہے۔ سڑکوں کے کنارے پانی جمع ہوچکا ہے۔

گلشن معمار میں سب سے زیادہ 37.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نارتھ کراچی میں 29، کورنگی میں 23.6، ناظم آباد میں 21، سعدی ٹاؤن میں 18.1، گلشن حدید اور شارع فیصل پر 15، کیماڑی اور اورنگی میں 14، ایئرپورٹ پر 12.9، یونیورسٹی روڈ پر 10 اور ڈیفنس میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔

بارش کے باعث ملیر اور تھڈو ندی میں شدید طغیانی آگئی، تھڈو ندی میں رکشہ بہہ جانے سے خاتون لاپتا ہوگئی۔ دو افراد کو بچالیا گیا۔ دنبا گوٹھ موٹر وے کے قریب مرغی سے بھرا ٹرک گرگیا۔

گڈاپ پولیس کے مطابق مزدا ٹرک میں 9 افراد سوار تھے، تیز رفتاری اور بارش حادثے کا سبب بنی، حادثے میں 7 افراد زخمی، 2 محفوظ رہے۔

نیو کراچی میں کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ شاہ لطیف ٹاؤن میں دو نوجوان ندی میں ڈوب گئے۔ ایک نوجوان مصطفیٰ کو بچالیا گیا۔ بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن کی صورتحال ہے اور ملیر ندی میں بھی پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا ہے، کازوے کا راستہ ڈوبا ہوا ہے۔

ڈیفنس، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ناظم آباد، لیاقت آباد، لانڈھی، کورنگی، گڈاپ، بحریہ ٹاؤن اور کیماڑی سمیت کئی علاقوں میں بارش سے ٹریفک اور بجلی کا نظام متاثر ہوا۔

ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہٰ سلیم نے ہنگامی دورہ کیا اور تمام محکموں کو فوری نکاسی آب کی ہدایت دی۔

ادھر محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بارشوں کا سلسلہ 10 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

بارشوں کے بعد والدین نے بدھ کو اسکولوں کی چھٹی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ بعض اسکولوں نے خود ہی تعطیل کا اعلان کردیا، تاہم سندھ حکومت کی جانب سے تاحال کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔

rainy weather

Karachi Rain 2025

Monsoon Update