اسٹاک مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم، 100 انڈیکس ایک لاکھ 56 ہزار کا سنگ میل عبور کرگیا
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے، جہاں بینچ مارک 100 انڈیکس 1800 پوائنٹس سے زائد اضافے کے بعد ایک لاکھ 56 ہزار کا سنگ میل عبور کرگیا ہے۔
پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔ جس کے نتیجے میں انڈیکس آج بھی تاریخ ساز بلندی پر پہنچ گیا ہے۔
ٹریڈنگ کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس میں 1800 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہوا، جس کے ساتھ بینچ مارک 100 انڈیکس ایک لاکھ 56 ہزار کا سنگ میل عبور کرگیا۔
اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا جن میں سیمنٹ، کمرشل بینک، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، او ایم سیز اور بجلی پیدا کرنے والے ادارے شامل تھے۔
انڈیکس میں نمایاں وزن رکھنے والے شیئرز مثلاً حبکو، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، ایس ایس جی سی، ایس این جی پی ایل، ڈی جی کے سی، لکی، ایچ بی ایل، ایم سی بی اور میزان بینک مثبت زون میں کاروبار کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 1611 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 54 ہزار 277 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔
وزیرِاعظم کا 100 انڈیکس 1 لاکھ 56 ہزار پوائنٹس عبور کرنے پر اظہار اطمینان
وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 1 لاکھ 56 ہزار پوائنٹس عبور کرنے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ کاروباری برادری و سرمایہ کاروں کے حکومت کی پالیسیوں پراعتماد کا مظہر ہے، اللہ کے فضل وکرم سے ملکی ترقی کا سفر معاشی ٹیم کی محنت سے جاری ہے، معاشی ٹیم کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
Aaj English



















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔