Aaj News

ریچھ کے حملے کے بعد گلوکارہ قرۃ العین بلوچ کی صحت سے متعلق پہلا باضابطہ بیان جاری

قرۃ العین کو مکمل آرام کی ضرورت ہے، تمام سرگرمیاں ان کی صحت یابی تک ملتوی
شائع 07 ستمبر 2025 02:15pm

معروف گلوکارہ قرۃ العین بلوچ جوکہ اسکردو میں ریچھ کے حملے سے زخمی ہوگئی تھیں، ان کی ٹیم نے گلوکارہ کی صحت سے متعلق پہلا باضابطہ بیان جاری کردیا ہے۔

انسٹاگرام پر جاری بیان کے مطابق قرۃ العین بلوچ حال ہی میں بلتستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے جامع ڈیزاسٹر ریسپانس سروسز (سی ڈی آر ایس) کے ہمراہ امدادی سرگرمیوں میں شریک تھیں۔ اسی دوران 4 ستمبر کی رات قیام کے دوران خیمے میں ان پر بھورے ریچھ نے حملہ کردیا تھا۔

AAJ News Whatsapp

سی ڈی آر ایس کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریچھ کو بھگا دیا اور گلوکارہ کو فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے تصدیق کی ہے کہ قرۃ العین بلوچ کو کوئی فریکچر نہیں ہوا اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ وہ تیزی سے صحت یاب ہورہی ہیں۔

بیان میں مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گلوکارہ کو مکمل آرام کی ضرورت ہے، اس لیے ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔ ساتھ ہی ان کی تمام عوامی سرگرمیوں کو صحت یابی تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

Pakistani Singer

Qurat ul Ain Balouch