Aaj News

لاہور: 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مزید 2 مقدمات کا فیصلہ محفوظ

کوٹ لکھپت جیل میں دلائل مکمل ، فیصلہ 11 اگست کو سنایا جائے گا
اپ ڈیٹ 09 اگست 2025 10:19pm

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ اور جناح ہاؤس کے قریب راحت بیکری چوک پر پولیس کی گاڑیاں نذر آتش کرنے کے مقدمات کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، دونوں مقدمات کا فیصلہ پیر 11 اگست کو سنایا جائے گا۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں ان مقدمات کی سماعت رات گئے تک جاری رکھی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ وقت کی کمی کے باعث فوری فیصلہ سنانا ممکن نہیں، اس لیے دونوں مقدمات میں فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔

جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس، جی آئی ٹی نے 7 افراد کو بے گناہ قرار دیدیا

پہلے کیس میں تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے واقعے میں 41 ملزمان کے خلاف چالان پیش کیا گیا، جن میں سے 25 افراد کا باقاعدہ ٹرائل کیا گیا، 15 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا جبکہ ایک ملزم دوران سماعت وفات پا چکا ہے۔ اس مقدمے میں 45 سرکاری گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

نو مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت کی درخواستیں خارج

دوسرے مقدمے میں، جناح ہاؤس کے قریب راحت بیکری چوک پر پولیس کی گاڑیاں جلانے کے واقعے میں 17 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی، 7 ملزمان اشتہاری قرار دیے گئے جبکہ ایک کی دوران سماعت وفات ہوئی۔ اس کیس میں 65 گواہوں نے عدالت کے روبرو بیان ریکارڈ کروایا۔

ان مقدمات میں نامزد ملزمان میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید، سینیٹر اعجاز چوہدری، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔

اس دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مشتعل افراد نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

ATC

lahore

pti leaders

9 May Cases