Aaj News

سیکیورٹی فورسز کا ژوب میں آپریشن، مزید 14 دہشت گرد ہلاک، دو روز میں تعداد 47 ہوگئی

دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 09 اگست 2025 05:01pm
Pak Forces Kill 14 Indian-Sponsored Militants in Clearance Operation Near Afghan Border

بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبزہ میں 7 اور 8 اگست 2025 کو سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں 33 دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد 8 اور 9 اگست کی درمیانی شب پاک-افغان سرحد کے قریب ایک مزید کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جس میں مزید 14 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، انسداد دہشت گردی کی اِن دو روزہ کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی کُل تعداد 47 تک پہنچ گئی ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

7 اور 8 اگست کی درمیانی شب ژوب میں سیکورٹی فورسز نے افغان سرحد سے دہشت گردوں کی درانداری کی کوشش ناکام بنائی اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے 33 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب پاک افغان سرحد پر بڑی تعداد میں خوارج کی نقل وحرکت پکڑی گئی تھی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گرد ضلع ژوب کے علاقے سمبازه سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ تاہم، سیکورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے جرات مندانہ اور مؤثر آپریشن کے نتیجے میں 33 بھارتی حمایت یافتہ خوارج مارے گئے۔

بعدازاں، اور 9 اگست کی درمیانی شب پاک-افغان سرحد کے قریب ایک مزید کلیئرنس آپریشن کیا گیا جس میں مزید 14 خوارج ہلاک ہوئے اور دو روزہ آپریشن میں مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد 47 تک پہنچ گئی۔

ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور بھارتی سرپرستی میں جاری دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم اور پوری طرح تیار ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک فوج ملک کی سرحدوں کے تحفظ، اور امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے سیکورٹی فورسز کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم، دہشت گردوں کے خلاف فورسز کی کامیابیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو روز میں فتنہ الہندوستان کے 47 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے سیکیورٹی فورسز نے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے۔

ISPR

security forces

terrorist killed

security forces operation

Inter Services Public Relations (ISPR)

Fitnah Al Khawarij

Indian Terrorism in Pakistan