Aaj News

پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار وقاص اورکزئی کا سینیٹ انتخابات سے دستبرداری کا اعلان

علی مین گنڈاپور سے اچھا تعلق ہے اسی وجہ سے درخواست پر کاغذات واپس لیے، وقاص اورکزئی
شائع 20 جولائ 2025 10:54pm

خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض امیدوار وقاص اورکزئی نے انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔

الیکشن سے ایک روز قبل وقاص اورکزئی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی موجودگی میں سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ جہاں عمران خان کی بات ہو، وہاں میرے لیے کوئی چیز معنی نہیں رکھتی، کاغذات نامزدگی کسی کے دباؤ میں واپس نہیں لے رہا، علی مین گنڈاپور سے اچھا تعلق ہے اسی وجہ سے درخواست پر کاغذات واپس لیے۔

یاد رہے کہ وقاص اورکزئی بھی ناراض کارکنان میں شامل تھے، وقاص اورکزئی عمران خان کے چنندہ امیدواروں کی فہرست میں شامل نہیں تھے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پی ٹی آئی ورکرز نے ہمیشہ عمران خان کا نظریہ مقدم رکھا ہے۔ وقاص اورکزئی نے ایک بار پھر ذاتی مفاد پر بانی کے حکم اور پارٹی کے مفاد کو ترجیح دی اور ہماری درخواست پر سینیٹ کی نشست سے کاغذات واپس لینے پر آمادگی ظاہر کی۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہاکہ میں پوری پارٹی کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہمارے لیے عمران خان کا حکم اور پارٹی کا مفاد اولین ترجیح ہے، باقی چیزیں بعد میں آتی ہیں۔

واضح رہے کہ آج خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا ہے جس کے بعد کل سینیٹ انتخابات ہوں گے تاہم وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے گورنر ہاؤس میں حلف برداری کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

Senate elections

Ali Ameen gandapur

Ali Amin Gandapur

KPK Senate Elections

Senate by elections

waqas orakzai