لاہور: مون سون بارشوں سے گرمی ختم، لیکن بجلی کی بندش سے شہری بپھر گئے
مون سون سیزن کی حالیہ بارشوں نے لاہور میں گرمی کی شدت میں واضح کمی ضرور کی ہے، لیکن گزشتہ تین روز سے جاری وقفے وقفے کی بارشوں نے بجلی کی فراہمی کا نظام درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے۔ شہر کے کئی علاقوں میں مسلسل بجلی کی بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
لاہوریوں کا کہنا ہے کہ موسم خوشگوار ہونے کے باوجود طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے وہ اس موسم کا لطف نہیں اٹھا پا رہے۔ شہریوں نے شکایت کی کہ لیسکو حکام کو بارہا فون کرنے کے باوجود یہ نہیں بتایا جاتا کہ بجلی کب بحال ہوگی۔
بارش ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہو جاتی ہے، اور طویل انتظار کے بعد بھی بعض مقامات پر بحالی کا کوئی وقت نہیں دیا جاتا۔ شہریوں نے لیسکو کے عملے کی غیرحاضری اور شکایات کے ناقص ازالے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی بندش حفاظتی اقدام کے تحت کی جاتی ہے تاکہ انسانی جانوں، ٹرانسفارمرز اور دیگر برقی آلات کو کسی نقصان سے بچایا جا سکے۔ حکام کے مطابق مرمت کا عمل بارش کے تھمنے کے بعد ہی ممکن ہوتا ہے، اور کوشش کی جا رہی ہے کہ شہریوں کو جلد از جلد بجلی کی سہولت فراہم کی جائے۔
لیکن شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر لیسکو انتظامیہ پیشگی اقدامات کرے اور شکایات کے فوری ازالے کا کوئی موثر نظام بنائے تو بارش جیسے خوشگوار موسم کو بجلی کے بغیر گزارنا ان کے لیے اتنا تکلیف دہ نہ ہو۔
Aaj English


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔