Aaj News

ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے تباہی، حادثات میں 19 افراد جاں بحق

کوہ سلیمان پر ندی نالے بپھر گئے، ریلے دریائے سندھ میں داخل، کچے کی کئی بستیاں زیرآب
شائع 14 جولائ 2025 09:20pm

ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 19 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشیں 19 جانیں لے گئیں، بارشوں سے حادثات میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

خیبرپختونخوا میں بارشوں سے حادثات، 9 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں سے حادثات میں بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوئے، کوہاٹ میں مکان کی چھت گرگئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ملاکنڈ میں دیوار گرنے سے 2 بہنیں لقمہ اجل بنیں، جمرود میں 2 بچیاں سیلاب کی نذر ہوگئیں جبکہ لکی مروت میں 4 بچے جوہڑ میں ڈوب گئے۔

پنجاب میں بارشوں کے دوران حادثات میں 10 افراد جاں بحق

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے دوران مختلف علاقوں میں حادثات کے باعث 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔

بہاولنگر میں مدرسے کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 بچے جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوئے، عارف والا میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بھائی جان سے گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔

چنیوٹ میں بھی کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے لڑکا اور لڑکی جاں بحق اور ایک لڑکی زخمی ہوگئی جبکہ اوکاڑہ میں ہی چھت گرنے کے 2 مختلف واقعات میں 4 بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔

رائےونڈ، کمالیہ اور قصور میں بھی چھت گرنے کے باعث متعدد افراد زخمی ہوگئے، تاندلیانوالہ میں خستہ حال چھت گرنے سے 4 سالہ بچہ جاں بحق اور 4 افراد معمولی زخمی ہوگئے۔

رینالہ خورد اور پاکپتن میں چھت گرنے کے واقعات میں خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے جبکہ شرقپورشریف میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

کوہ سلیمان پر ندی نالے بپھر گئے

کوہ سلیمان پر ندی نالے بپھر گئے، ریلے دریائے سندھ میں داخل ہوگئے، جس کے باعث کچے کی کئی بستیاں زیرآب آگئیں، رہائشیوں نے نقل مکانی شروع کردی جبکہ تربیلا اور منگلا ڈیم میں بھی پانی سطح بلند، ریلیف کیمپ قائم کردیے گئے۔

بلوچستان میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، کوہلو اور صحبت پور میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

صادق آباد، کوٹ ادو، کمالیہ اور ساہیوال میں برسات سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ قصور، ڈی جی خان، راجن پور، تونسہ، شیخوپورہ، جیکب آباد، پاکپتن اور دیپالپور میں بارش سے سڑکیں تالاب میں تبدیل ہوگئیں۔

اس کے علاوہ شرقپورشریف، صادق آباد، کمالیہ، ساہیوال، کوٹ ادو میں بھی نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے ملک میں 17 جولائی تک بارش کی پیشگوئی کردی، مشرقی پنجاب میں اربن فلڈنگ اور ندی نالے بپھرسکتے ہیں، بلوچستان اور کے پی میں بھی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

Rain

flood

Urban flooding

kpk rain and flood