Aaj News

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی،1 لاکھ 36 ہزار کا سنگِ میل عبور

100انڈیکس میں 2000 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہوا
اپ ڈیٹ 14 جولائ 2025 02:52pm

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 100 انڈیکس 2000 پوائنٹس سے زائد اضافے کے ساتھ بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ انڈیکس نے 1 لاکھ 36 ہزار کا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں بہتری کی عکاسی کی۔

ٹریڈنگ کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی بھرپور خریداری دیکھی گئی، خاص طور پر بینکنگ، توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مثبت سرگرمی رہی۔ معاشی اشاریوں میں بہتری، آئی ایم ایف کی جانب سے مثبت اشارے اور روپے کی قدر میں استحکام نے مارکیٹ کو سہارا دیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں، مالیاتی اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق خبریں خوش آئند سمجھ رہے ہیں، جس کا اثر براہِ راست مارکیٹ کی کارکردگی پر پڑ رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو اسٹاک مارکیٹ مزید ریکارڈ قائم کر سکتی ہے، تاہم سرمایہ کاروں کو محتاط رہنے اور تکنیکی سطحوں پر نظر رکھنے کا مشورہ بھی دیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہونے والی تیزی پرمسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کاروباری برادری کے پاکستانی معیشت میں اعتماد کا مظہرہے ۔ حالیہ مثبت معاشی اعشاریے حکومتی پالیسیوں کی سمت درست ہونے کے عکاس ہیں،کاروباری برادری کوملک میں کاروباردوست ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ ملک معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے۔ حکومت ملکی ترقی اورعوامی فلاح وبہبود کیلئے انتھک محنت کر رہی ہے۔

economy

karachi

100 index

Pakistan Stock Exchange (PSX)