Aaj News

جنوبی وزیرستان کے کمسن مارشل آرٹسٹ سفیان محسود کا کارنامہ، گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ ڈالا

پاکستان کے کم عمر مارشل آرٹسٹ سفیان محسود نے ایک اور بڑا کارنامہ سرانجام دے دیا
شائع 13 جولائ 2025 10:44pm

جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے کم عمر مارشل آرٹسٹ سفیان محسود نے ایک اور بڑا کارنامہ سرانجام دے دیا، صرف 6 سال کی عمر میں سفیان نے گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑ کر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کردیا۔

کم سن مگر باصلاحیت مارشل آرٹسٹ سفیان محسود نے ایک بار پھر دنیا کو حیران کردیا، جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے 6 سالہ سفیان نے محض 30 سیکنڈ میں 45 اسٹیپ اپس مکمل کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں نئی تاریخ رقم کردی۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس سے قبل یہ عالمی ریکارڈ 30 سیکنڈ میں 30 اسٹیپ اپس کا تھا، مگر سفیان نے نہ صرف اس حد کو عبور کیا بلکہ 15 اضافی اسٹیپ اپس کے ساتھ ایک نیا عالمی معیار بھی قائم کردیا۔

اس شاندار کامیابی کے بعد سفیان محسود 4 عالمی ریکارڈز رکھنے والے پاکستان کے سب سے کم عمر مارشل آرٹسٹ بن چکے ہیں۔ سفیان محسود اس سے قبل بھی تین گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں، جن میں دو بھارت کے ریکارڈز شامل تھے۔

سفیان کی یہ کامیابیاں نہ صرف انفرادی سطح پر قابلِ فخر ہیں بلکہ پاکستان کے نوجوان ٹیلنٹ کے حوالے سے عالمی سطح پر مثبت پیغام بھی دے رہی ہیں۔

سفیان کے اہل خانہ اور کوچز کا کہنا ہے کہ ان کا یہ سفر ابھی ختم نہیں ہوا، وہ مزید عالمی ریکارڈز کے تعاقب میں ہیں۔

South Waziristan

Guinness World Records

martial artist

Sufyan Mehsud