Aaj News

ملک بھر میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری، حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع، الرٹ جاری

لیبنڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، نشیبی علاقے زیر آب
شائع 12 جولائ 2025 08:23am

ملک بھر میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں جبکہ مختلف حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہوا ہے۔ رات گئے لاہور، ملتان اور فیصل آباد سمیت جنوبی پنجاب اور وسطی علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوئیں، جن سے معمولات زندگی متاثر ہو گئے۔

لاہور، ملتان، فیصل آباد، چنیوٹ، شجاع آباد، خان پور، کوٹ ادو، راجن پور، ڈی جی خان، کروڑ لعل عیسن، میانوالی، لیہ، کلورکوٹ، اوکاڑہ، عارف والا اور وہاڑی میں شدید بارشیں ہوئیں جس کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بارش کے باعث کئی مقامات پر حادثات بھی پیش آئے۔ وزیرآباد کی تحصیل علی پور چٹھہ میں مکان کی تعمیر کے دوران لینٹر گرنے سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ جاں بحق مزدور کی شناخت 19 سالہ مدثر کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمیوں میں 19 سالہ علی حسن اور 25 سالہ عمران شامل ہیں۔ زخمیوں اور لاش کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اسی طرح لاہور میں چونگی امرسدھو کے قریب بینک اسٹاپ پر ایک گھر کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کی شناخت رحمت اور حمزہ کے نام سے ہوئی، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے نکال کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ایک ہی روز میں دوسرا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقہ جات گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت، اسکردو، ہنزہ، استور، دیامر، گانچھے، شگر، مظفرآباد، نیلم ویلی، راولا کوٹ، ہویلی اور باغ جیسے علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے کے شدید خدشات ہیں۔ ادارے نے واضح کیا کہ اپر کوہستان، دیامر، استور روڈ، گلگت روڈ، نگر روڈ اور شاہراہ قراقرم کے متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے، جبکہ جگلوٹ-اسکردو روڈ کے کئی حصے، بالخصوص روندو کے اطراف، بھی خطرے کی زد میں ہیں۔

این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متاثرہ سڑکوں کی فوری بحالی کیلئے مشینری اور عملہ الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

پاکستان

Rain

rain alert

NDMA Alert