Aaj News

فلمساز جامی کی ضمانت منظور، سزا معطل ،سندھ ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا

انہیں دو سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی
شائع 10 جولائ 2025 02:19pm

سندھ ہائیکورٹ نے معروف فلم ساز اور رائٹر جمشید محمود عرف جامی کی سزا کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کے دوران ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے سزا کو معطل کر دیا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ جامی 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرائیں، جس کے بعد انہیں آج ہی جیل سے رہا کیا جائے گا۔

جامی کے وکیل حافظ محمد ایڈووکیٹ کے مطابق عدالت کا فیصلہ ان کے مؤکل کے لیے بڑی ریلیف ہے۔

جمشید عرف جامی کو قبل ازیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے دو سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

ان کے خلاف فلم اور میوزک ڈائریکٹر سہیل جاوید کی جانب سے ڈائریکٹ کمپلین کی گئی تھی۔

جامی کی جانب سے دائر کی گئی اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ان پر لگائے گئے الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں۔ جس جرم میں سزا دی گئی وہ قابلِ ضمانت ہے۔

اپیل میں کہا گیا کہ ماتحت عدالت نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔ اس سزا کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ پر ہوگی۔

پاکستان

lifestyle

شخصیات