Aaj News

کراچی: سعودی عرب سے والد کے انتقال پر آیا نوجوان ڈکیتی مزاحمت پر قتل

مقتول اپنے پانچ بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور گھر کا واحد کفیل تھا
اپ ڈیٹ 10 جولائ 2025 08:17pm

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ افسوسناک واقعہ قذافی چوک کے قریب اس وقت پیش آیا جب 24 سالہ جبران اپنے گھر کی دہلیز پر بیٹھا موبائل فون استعمال کر رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان وہاں پہنچے اور لوٹ مار کی کوشش کی۔

جبران نے ڈکیتی کی کوشش پر مزاحمت کی تو ملزمان نے اسے نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کر دی۔ گولی سیدھی جبران کے سینے میں لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ لاش کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اہل محلہ کے مطابق ملزمان نے بہن کے سامنے بھائی پر فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق مقتول جبران سعودی عرب میں ملازمت کرتا تھا اور والد کے انتقال پر چند روز قبل ہی کراچی آیا تھا۔ جبران کے والد کا انتقال یکم محرم کو ہوا تھا۔ مقتول اپنے پانچ بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور گھر کا واحد کفیل تھا۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں لوڈشیڈنگ کے باعث اندھیرا تھا، جس کا فائدہ اٹھا کر ملزمان با آسانی واردات کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اہلِ علاقہ نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتیں عوام کو عدم تحفظ کا شکار بنا رہی ہیں۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

رواں سال جنوری کے مہینے میں ڈکیتی میں مزاحمت پر 5، فروری مارچ اور اپریل میں 20، 20 مئی میں 12، جون میں ایک اور جولائی میں اب تک 2 افراد لوٹ مار کے دوران جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں، ڈکیتی کے دوران فائرنگ کے دیگر واقعات میں بھی مزید 10 شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، رواں سال 50 شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

Karachi Police

Karachi Street Crimes