Aaj News

سابق صدر پاکستان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا گیا

درخواست گزار نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی سے رجوع کرسکتا ہے، عدالت
شائع 09 جولائ 2025 11:23am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

سیشن کورٹ لاہور نے سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے خلاف گستاخانہ الفاظ کے استعمال سے متعلق مقدمہ درج کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا سے متعلق معاملات کے لیے حکومت نے نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی قائم کر رکھی ہے، لہٰذا درخواست گزار متعلقہ ادارے سے رجوع کرے۔ عدالت نے قرار دیا کہ یہ معاملہ اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔

یہ درخواست شہری شہزادہ عدنان کی جانب سے وکیل محمد مدثر چوہدری کے توسط سے دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق صدر عارف علوی نے گستاخانہ الفاظ استعمال کیے، جن کی ویڈیو یوٹیوب پر موجود ہے، اور اس پر پولیس کو درخواست دینے کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد مقدمہ درج کرنے کی درخواست خارج کرتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

FIR

lahore

Arif Alvi

Session court

decision

Former President of Pakistan