Aaj News

چینی مزید مہنگی! 10 روز میں 10 روپے اضافہ

ریٹیل مارکیٹ میں چینی 195 سے 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے
شائع 08 جولائ 2025 10:18am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

چینی کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ جاری ہے، جس نے مہنگائی سے پریشان عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ کراچی سمیت ملک بھر میں چینی کی ہول سیل اور ریٹیل قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں گزشتہ 10 روز کے دوران چینی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی کلو قیمت 180 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ ریٹیل مارکیٹ میں چینی 195 سے 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

ہول سیلرز کے مطابق چینی کی طلب میں اچانک اضافے کے باعث قیمت میں تیزی آئی ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے ابھی تک درآمدی چینی کی دستیابی یقینی نہیں بنائی جا سکی۔ ہول سیل تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت نے 7.5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ تو کیا ہے، لیکن عملی اقدامات صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہیں۔

تاجروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر درآمدی چینی کی ترسیل میں مزید تاخیر ہوئی تو ہول سیل قیمت 200 روپے فی کلو سے تجاوز کر سکتی ہے۔

مہنگائی سے پہلے ہی متاثر عوام چینی کی بڑھتی قیمتوں پر شدید برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ ضروریات کی اشیاء کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، اور چینی جیسی بنیادی ضرورت کی دستیابی اب عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔

وفاقی حکومت نے چینی کی قلت اور قیمتوں پر قابو پانے کے لیے ساڑھے سات لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم اس فیصلے کے نتائج کب سامنے آئیں گے، اس بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر درآمدی چینی کی ترسیل یقینی بنائے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرے، اور قیمتوں کو عوامی قوتِ خرید کے مطابق رکھنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔

karachi

sugar

sugar price

wholesale market

Sugar Import

Retail market

sugar price hike