Aaj News

ہری پور: پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع

متاثرہ علاقوں میں گزشتہ 36 گھنٹوں سے زائد وقت گزرنے کے باوجود راستے تاحال نہیں کھولے جا سکے
شائع 07 جولائ 2025 09:59am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

ہری پور کی تحصیل غازی کے دور افتادہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد اہم سڑکیں بند ہوگئیں، جس سے درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ غازی سے مکمل طور پر منقطع ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے بیٹ گلی روڈ، دیوی روڈ، پلیاں روڈ، کنیرڑی روڈ اور مکر روڈ مکمل طور پر بند ہو چکی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں گزشتہ 36 گھنٹوں سے زائد وقت گزرنے کے باوجود راستے تاحال نہیں کھولے جا سکے، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سڑکوں کی بندش کے سبب نہ صرف روزمرہ کی آمد و رفت معطل ہو گئی ہے بلکہ ضروری اشیائے خورونوش اور طبی سہولیات کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ دور دراز اور دشوار گزار پہاڑی علاقے ہونے کے باعث تاحال امدادی ٹیمیں موقع پر نہیں پہنچ سکیں۔

مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے اور سڑکیں کھولنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم بھاری مشینری کی عدم دستیابی ان کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت سے فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے اور سڑکوں کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

KPK

Rescue

Haripur

Landsliding

Roads Closed