Aaj News

پاکپتن اسپتال میں 20 بچوں کی اموات، سی ای او ہیلتھ اور ایم ایس اسپتال گرفتار

آج نیوز کی خبر پر پاکپتن کے اسپتال میں بیس بچوں کی اموات کا معاملہ اٹھانے پر پنجاب حکومت نے ایکشن لے لیا۔
اپ ڈیٹ 04 جولائ 2025 09:59pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

آج نیوز ایک بار پھر نا انصافی کا شکار عام آدمی کی آواز بن گیا۔ پاکپتن کے اسپتال میں بیس بچوں کی اموات کا معاملہ اٹھانے پر حکومت نے ایکشن لے لیا۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے اسپتال کا دورہ کیا۔ غفلت کے مرتکب سی او ہیلتھ، ایم ایس کو میٹنگ روم سے ہی ہتھکڑیاں لگوا دیں۔ تین ٹیکنیشنز کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ عوام نے مریم نواز کے حق میں نعرے لگائے اور آج نیوز سے بھی اظہار تشکر کیا۔

پاکپتن میں ضلعی اسپتال میں 20 معصوم بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر آج نیوز کی خبر نے حکومتی ایوانوں کو جھنجھوڑ دیا۔

معاملہ منظرِ عام پر لانے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈی ایچ کیو اسپتال پاکپتن کا دورہ کیا اور موقع پر ہی غفلت کے مرتکب اعلیٰ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی۔

وزیراعلیٰ کو انکوائری رپورٹ پیش کی گئی جس پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے انہوں نے سی ای او ہیلتھ سہیل اصغر اور ایم ایس اسپتال عدنان غفار کو میٹنگ روم سے ہی ہتھکڑیاں لگوا کر گرفتار کروا دیا۔

علاوہ ازیں، پرائیویٹ لیب سے ملی بھگت پر تین ٹیکنیشنز، مرتضیٰ، ممتاز اور طفیل کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے تمام گرفتار ملزمان کو ہتھکڑیاں لگا کر میٹنگ روم سے باہر نکالا۔

اسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ نے وزیراعلیٰ سے شکایات کے انبار لگا دیے۔ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ قتل کرنے کے لیے ہتھیار ضروری نہیں ہوتے، مجرمانہ غفلت بھی جان لے سکتی ہے۔

اسپتال کے دورے کے دوران عوام نے وزیراعلیٰ کے حق میں نعرے لگائے اور آج نیوز کا شکریہ ادا کیا جس نے اس اہم اور دردناک واقعے کو سب سے پہلے 25 جون کو بریک کیا تھا۔

آج نیوز نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر ظلم، نااہلی اور بےحسی کے خلاف آواز بلند کی اور عام آدمی کے حق کی جنگ لڑی۔

police

pakpattan

Pakpattan District Hospital

20 children die

Hospital MS Arrest