لاہور: فارم ہاؤس میں شیر کا حملہ،بچوں سمیت 3 افراد زخمی، مالک کے خلاف مقدمہ درج
شہر کے پوش علاقے جوہر ٹاؤن میں واقع ایک فارم ہاؤس میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شیر نے فیملی پر حملہ کر دیا۔ واقعے میں دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے، جن میں دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق فارم ہاؤس میں موجود شیر کا جنگلہ کھلا رہ جانے کی وجہ سے وہ باہر آ گیا اور اچانک فیملی پر جھپٹ پڑا۔ حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق شیر کی دیکھ بھال میں غفلت برتی گئی، جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شیر کو تحویل میں لے لیا ہے۔
پولیس نے متاثرہ خاندان کے فرد محمد قیصر باجوہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے، جس میں اقدامِ قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔پولیس نے 12 گھنٹے میں تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتارملزمان میں ملک اعظم عرف شانی ، ملک غلام مرتضی اور بہرام شامل ہیں۔
وائلڈ لائف ایکٹ اور عوامی تحفظ کے تحت مزید قانونی کارروائی متوقع ہے، جبکہ واقعے نے فارم ہاؤسز میں رکھے گئے جنگلی جانوروں کی نگرانی اور حفاظتی انتظامات پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔
Aaj English


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔