Aaj News

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے مالی سال کا زبردست آغاز، نیا ریکارڈ قائم، وزیراعظم کا اظہار اطمینان

مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف کلیدی شعبہ جات میں بھرپور خریداری دیکھی گئی
اپ ڈیٹ 01 جولائ 2025 03:39pm

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے نئے مالی سال 2025-26 کا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ کیا، جہاں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کے آغاز میں ہی بینچ مارک ”کے ایس ای-100“ انڈیکس میں 1700 سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا، دوران کاروبار یہ اضافہ 1900 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ اور آخر کار کاروبار 2572 پوائنٹس کے اضافے پر بند ہوا۔

منگل کی صبح 10 بج کر 5 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 1721.41 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 27 ہزار 348.72 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو 1.37 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

تاہم، دوران کاروبار پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مزید تیزی کی لہر دیکھنے کو ملی اور 100 انڈیکس میں 1911 پوائنٹس سے زائد اضافہ ہوا، جس کے بعد 100 انڈیکس 1 لاکھ 27 ہزار 538 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 2572 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا اور انڈیکس 1 لاکھ 28 ہزار 199 کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہنڈریڈ انڈیکس کے ایک لاکھ 28 ہزار کی سطح عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشی میدان میں اہم پیشرفت سے انتہائی خوش آئند ہے۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت نے بتدریج بہترین ریکوری دکھائی، نیا مالی سال معیشت کی بہتری کی جانب سفر میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ حکومت کی معاشی ٹیم کو اس کامیابی پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

آج دوران کاروبار مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف کلیدی شعبہ جات میں بھرپور خریداری دیکھی گئی، جن میں آٹو موبائل اسمبلرز، کمرشل بینکنگ، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، اور بجلی پیدا کرنے والے ادارے شامل ہیں۔

وزارت خزانہ کا معاشی آؤٹ لک جاری، ترسیلات زر میں 28.8 فیصد اضافہ ریکارڈ

بڑے سائز کے اسٹاکس جیسے کہ حبکو (HUBCO)، ماری پیٹرولیم (MARI)، پی آر ایل (PRL)، پی او ایل (POL)، ایم سی بی (MCB)، میزان بینک (MEBL) اور نیشنل بینک (NBP) سبز نشان میں ٹریڈ کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے مالی سال 2024-25 کے اختتام پر بھی زبردست تیزی کے ساتھ دن مکمل کیا۔ یہ تیزی مالی سال کے اختتامی سرمایہ کاری فلو، ادارہ جاتی سرگرمیوں میں اضافے اور بیرونی مالیاتی معاونت کی خوشخبریوں کے باعث ممکن ہوئی، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔

پیر کے روز مارکیٹ بند ہونے تک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 1248.25 پوائنٹس یعنی 1 فیصد کا اضافہ ہوا، اور انڈیکس 1 لاکھ 25 ہزار 627.31 پوائنٹس پر بند ہوا، جو کہ مارکیٹ کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا، قیمتوں میں بڑا اضافہ

ماہرین کے مطابق ملکی معیشت کے استحکام، بجٹ میں متوازن پالیسیوں، اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی جانب سے ممکنہ تعاون کے تناظر میں سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ مارکیٹ میں سرگرم ہو رہے ہیں، جو مارکیٹ کی موجودہ تیزی کی اہم وجہ ہے۔

PSX

New Record

100 index

Pakistan Stock Exchange (PSX)

New Fiscal Year