Aaj News

وزیراعظم کا سندھ طاس معاہدے سے متعلق ثالثی عدالت کے ضمنی ایوارڈ کا خیرمقدم

پانی ہماری لائف لائن ہے، آبی وسائل پر کام کر رہے ہیں، وزیراعظم
اپ ڈیٹ 28 جون 2025 06:00pm

وزیراعظم شہبازشریف نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق ثالثی عدالت کے ضمنی ایوارڈ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے پاکستانی بیانیے کوتقویت ملی کہ بھارت یکطرفہ طورپرسندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا۔ پانی ہماری لائف لائن ہے۔ آبی وسائل پرکام کررہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے ثالثی عدالت کے ضمنی ایوارڈ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کے مؤقف کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے پاکستانی بیانیے کو تقویت ملی ہے کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانی ہماری ”لائف لائن“ ہے اور حکومت آبی وسائل کے تحفظ اور مؤثر استعمال پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے اس اہم عدالتی پیش رفت میں مؤثر قانونی حکمت عملی اپنانے پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اس امر کی توثیق ہے کہ بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کسی صورت قبول نہیں، اور پاکستان اپنے عوام کے پانی کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔

PM SHAHBAZ SHARIF

Indus Waters Treaty