Aaj News

کراچی میں بارش نے سڑکوں اور نظام کی قلعی کھول دی

بارش کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کا سسٹم بھی بیٹھ گیا
اپ ڈیٹ 27 جون 2025 07:24pm

کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، حالیہ بارشوں کے باعث شہر کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کا حال مزید ابتر ہو گیا۔ معمولی بارش نے حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول دی۔ عوام کہتے ہیں شہر کا کوئی پرسان حال نہیں۔ بارش کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کا سسٹم بھی بیٹھ گیا۔

شہر قائد میں ہونے والی ہلکی بارش نے انتظامیہ کے تمام دعوؤں کو بے نقاب کر دیا۔ مختلف علاقوں میں پانی، کیچڑ اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔

سڑکوں پر بنے گڑھے بارش کے پانی سے بھر گئے، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی بلکہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

گرومندر، گلستانِ جوہر، ملیر، اسکیم 33، ایئرپورٹ، گلشن معمار، شارع فیصل، سرجانی اور یونیورسٹی روڈ سمیت کئی علاقوں میں نکاسی آب کا مناسب بندوبست نہ ہونے کے باعث پانی جمع ہو گیا۔

شہریوں نے شکوہ کیا کہ ہر سال بارش کے بعد یہی مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں، لیکن کوئی سننے والا نہیں۔

مزید بارش کی پیش گوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ اتوار تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

کے الیکٹرک کا نظام بھی متاثر

بارش کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کا سسٹم بھی متاثر ہوا۔ 2100 میں سے تقریباً 550 فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ بعض علاقوں میں بجلی جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔

تاہم کئی علاقے تاحال اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بحالی کا عمل جاری ہے اور ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔

دریائے سوات میں طغیانی، 80 افراد پانی میں بہہ گئے ، 9 کی لاشیں نکال لی گئی

دوسری جانب مون سون بارشوں سے قبل میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر برساتی نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطابق شہر کے 42 بڑے نالوں کی صفائی کی ذمہ داری کے ایم سی کے پاس ہے، اور بڑے نالوں کی صفائی کا عمل 15 جون سے شروع کیا جا چکا ہے۔

میئر کراچی کا کہنا ہے کہ نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کلیئر کر دیے گئے ہیں اور صفائی کا کام ستمبر تک جاری رہے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نالوں میں کچرا نہ پھینکیں، تاکہ نکاسی کا نظام بہتر طریقے سے کام کر سکے۔ مرتضیٰ وہاب نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اندرونی نالوں کی صفائی یقینی بنائیں۔

karachi

Karachi Rain

rainy weather