کراچی: گرج چمک کے ساتھ بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا
شہر قائد میں گزشتہ شب مختلف علاقوں میں تقریباً 3 گھنٹے تک بارش کا سلسلہ جاری رہاجس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ گلشن حدید، کاٹھور، اسٹیل ٹاؤن، گڈاپ ٹاؤن، سرجانی، صفورا گوٹھ، گلستان جوہر، گلشن معمار اور سہراب گوٹھ سمیت متعدد علاقوں میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ متعدد موٹر سائیکل سوار سلپ ہوکر زخمی ہوگئے۔
شہر کے دیگر علاقوں، جیسے ناظم آباد، ڈیفنس، کلفٹن اور اولڈ سٹی ایریا میں بھی رات گئے تیز بارش ہوئی۔ ملیر کی گلیوں میں پانی کھڑا ہو جانے سے صورتحال مزید خراب ہوگئی۔ ایم اے جناح روڈ سمیت کئی مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک جام کی کیفیت رہی۔ بارش کے دوران کے الیکٹرک نے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل کر دی، جس سے شہریوں کو مزید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلشن حدید میں سب سے زیادہ 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،یونیورسٹی روڈ پر 13 ملی میٹر،شارع فیصل پر 12 ملی میٹر،ایئرپورٹ پر 9.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے بعد تین سو چالیس فیڈر ٹرپ ہونے سے شہر کا بڑا حصہ رات بھر بجلی سے محروم رہا،کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ بفرزون، نارتھ کراچی سمیت کئی علاقے تاحال بجلی سے محروم ہے۔
بارش کے بعد میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ میونسپل کمشنر افضل زیدی بھی موجود تھے۔ انہوں نے ڈیفنس، خیابان حلال، کلفٹن، گورنر ہاؤس، سندھ اسمبلی اور سپریم کورٹ بلڈنگ کے اطراف کا جائزہ لیا۔ مرتضیٰ وہاب نے میونسپل سروسز کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ایمرجنسی میں تعینات تمام عملہ سڑکوں پر موجود رہے۔ کمشنر افضل زیدی نے بریفنگ میں بتایا کہ نشیبی علاقوں میں سکشن پمپس اور عملہ تعینات ہے۔
ادھر حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ ٹنڈوجام میں افسوسناک واقعے میں مدرسے کی چھت گرنے سے دو کم سن طالبعلم، پانچ سالہ زاہد اور چھ سالہ زین جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ٹنڈوالہیار، سجاول، گولارچی، اوباڑو، خیرپور، میرپورخاص، مٹھی اور ٹنڈو محمد خان میں بھی بارش سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، اور لوگ اندھیرے میں رات گزارنے پر مجبور ہوگئے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Aaj English














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔