Aaj News

کراچی میں ٹینکر نے ایک اور شخص کی زندگی چھین لی

پولیس تین روز بعد بھی ڈرائیور کو گرفتار نہ کرسکی
شائع 26 جون 2025 10:20pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

کراچی ویٹا چورنگی پر گاڑی کے انتظار میں کھڑا شہری ٹینکر کے پہیے تلے آ گیا۔ ہاشم دفتر جانے کے لیے گاڑی کا انتظار کررہا تھا کہ ریورس ہونے والے ٹینکر نے کچل دیا۔

کراچی کے علاقے ویٹا چورنگی پر افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں دفتر جانے کے لیے گاڑی کا انتظار کرتا شہری ٹینکر کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کو تین روز گزرنے کے باوجود پولیس تاحال ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

متوفی کی شناخت ہاشم کے نام سے ہوئی ہے، جو دو بچیوں کا باپ تھا اور کیماڑی میں ملازمت کرتا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ہاشم سڑک کنارے سواری کا انتظار کر رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والے ٹینکر نے ریورس لیتے ہوئے اسے کچل دیا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور ٹینکر چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ ہاشم معمول کے مطابق دفتر جانے کے لیے نکلا تھا لیکن لاپرواہ ڈرائیور نے اس کی زندگی چھین لی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز تو کر دیا ہے، تاہم اب تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

اہل علاقہ اور مقتول کے لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹینکر ڈرائیور کو فوری گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

karachi

police

water tanker