Aaj News

کراچی میں آج سے بادل برسیں گے، ہفتے اور اتوار کو موسلادھار بارش کا امکان

مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل 2 جولائی تک شہر میں بارش برسائے گا، محکمہ موسمیات
شائع 26 جون 2025 09:45am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج سے 29 جون تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز وقفے وقفے سے بادل برسیں گے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو موسلادھار بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل 2 جولائی تک شہر کو متاثر کرتا رہے گا، جب کہ دوسرا اسپیل 5 جولائی سے ملک بھر میں اثرانداز ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں کراچی کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں خلل کا امکان ہے۔ شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش، فلائٹ آپریشن متاثر

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، تاہم گرمی کی شدت 37 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت آج بھی 37 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ شمال مشرقی سمت سے ہوائیں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جو گرمی کی شدت میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہری اداروں کو الرٹ رہنے، نکاسی آب کے انتظامات بہتر بنانے اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی تیاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

karachi

karachi weather

Rain

Monsoon

weather

rainy weather

Rain prediction

Weather Updates

monsoon rain