کراچی سمیت سندھ بھر میں یکم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ
کراچی سمیت سندھ بھر میں یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کردی گئی، 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی جبکہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن تمام افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردیں، دوسری جانب حکومت سندھ نے محرم الحرام میں سخت سیکیورٹی ہدایات بھی جاری کردیں، بغیر اجازت جلوس، وال چاکنگ اور اشتعال انگیز تقاریر پر مکمل پابندی عائدی کردی گئی، محرم الحرام کے جلوسوں کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس لازمی لینا ہوگی۔
یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان
محکمہ داخلہ سندھ نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے پیش نظر یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک کراچی سمیت سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی، اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں محرم الحرام کے دوران اسلحہ لے کر چلنے کے اجازت نامے بھی معطل کردیے جبکہ 9 اور 10 محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔
اس کے علاوہ صوبے میں ڈرون ہیلی کیم اور بغیر اجازت جلسوں اور ریلیوں پر بھی پابندی رہے گی، لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر بھی پابندی رہے گی۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس افسران اور اہلکار اپنے اپنے دفاتر کو رپورٹ کریں، 12 محرم الحرام تک تمام افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کی جاتی ہے، بیرون ملک جانے والے پولیس افسران بھی اپنے محکمے میں فوری رپورٹ کریں۔
حکومت سندھ کی محرم الحرام کیلئے سیکیورٹی ہدایات جاری
دوسری جانب حکومت سندھ نے محرم الحرام 2025 کے لیے سیکیورٹی ہدایات جاری کردی، جس کے مطابق بغیر اجازت جلوس، وال چاکنگ اور اشتعال انگیز تقاریر پر مکمل پابندی عائد کردی گئی جبکہ محرم جلوسوں کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس کے بغیر اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اشتعال انگیز آڈیو ویڈیو مواد کی خرید و فروخت پر سخت پابندی عائد کردی گئی، مقررین کی تقاریر حکومت سندھ کی اجازت سے مشروط ہوگی۔
محرم کے جلوسوں میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا گیا، جلوسوں کے راستوں پر ہوٹل، مارکیٹس اور عمارتوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی، اسپتالوں کو ہائی الرٹ، ایمبولینس اور فائر ٹینڈرز کی دستیابی لازمی قرار دے دی گئی۔
حساس امام بارگاہوں، مساجد پر فل پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، سیکیورٹی کے لیے پولیس، رینجرز اور لیڈیز اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہوگی۔
جلوسوں کے راستوں پر جمرز لگانے اور ڈرون سرویلنس کی ہدایات جاری کی گئی، جلوسوں کے روٹس کو سویپ کرکے سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شرپسند عناصر پر کڑی نظر، فورتھ شیڈول افراد کی مانیٹرنگ سخت کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ محرم کے دوران صرف نامزد افسران ہی میڈیا سے بات کریں گے، امن کمیٹیوں کو فعال کرنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
Aaj English


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔