Aaj News

خیبرپختونخوا: سرکاری ملازمین کا پینشن کٹوتی اور کم الاؤنس کے خلاف احتجاج کا اعلان

15 فیصد ڈسپریٹی الاؤنس ناکافی ہے ہمیں وفاق کی طرز پر کم از کم 30 فیصد ڈسپریٹی الاؤنس دیا جائے، مطالبہ
شائع 25 جون 2025 11:29am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین ایک بار پھر احتجاج کی راہ پر گامزن ہو گئے، صوبے بھر سے ملازمین پشاور کا رخ کر رہے ہیں۔ احتجاج کا مقصد پینشن میں ممکنہ کٹوتی اور ڈسپریٹی الاؤنس میں کمی کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔

آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) کے صدر وزیر زادہ کے مطابق تمام ملازمین سٹی نمبر ون اسکول میں جمع ہوں گے اور بعد ازاں اسمبلی چوک کی جانب مارچ کریں گے، جہاں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

اگیگا کےصدر نے مطالبہ کیا ہے کہ پینشن میں کسی قسم کی کٹوتی ہرگز قبول نہیں اورصوبائی بجٹ میں تجویز کردہ 15 فیصد ڈسپریٹی الاؤنس ناکافی ہے ہمیں وفاق کی طرز پر کم از کم 30 فیصد ڈسپریٹی الاؤنس دیا جائے۔

ملازمین کا مؤقف ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں موجودہ مراعات ناکافی ہیں اور ان پر مزید کٹوتیاں معاشی قتل کے مترادف ہوں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مشیر خزانہ کے ساتھ سرکاری ملازمین کے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہو گئے تھے، جس کے بعد اگیگا نے احتجاج کی کال دی۔

KPK

peshawar

protest

government employees

Disparity allowance

All Government Employees Grand Alliance