Aaj News

لوٹس کے پتے بطور سن اسکرین، نیا ٹرینڈ

آر جے ٹی سی ایس کی رپورٹ کے مطابق لوٹس ایک ایسی جڑی بوٹی ہے جو کاسمیٹک مصنوعات میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتی ہے
شائع 25 جون 2025 09:07am

چین میں ایک نیا فیشن سوشل میڈیا پر زور پکڑ رہا ہے جس میں لوگ کمل (لوٹس) کے پتوں کو سن اسکرین کے متبادل کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا واقعی کمل کے پتے جلد کی حفاظت کے لیے مؤثر ہیں؟

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بہت وائرل ہورہی ہے جس میں دو بائیکرز نے اپنے چہروں کو بڑے کمل (لوٹس) کے پتوں سے ڈھانپ رکھا ہے تاکہ دھوپ سے بچا جا سکے۔ گو کہ یہ سب دیکھنے میں دلچسپ ہو سکتا ہے لیکن اس ٹرینڈ کو اپنانے سے پہلے حقیقت کا جاننا بہت ضروری ہے۔

کئی تحقیقی رپورٹس کے مطابق کمل کے پتوں میں جلد کے لیے کچھ مفید خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ ایک تحقیق جو ریسرچ جرنل آف ٹراپیکل اینڈ کاسمیٹک سائنسز میں شائع ہوئی، اس میں بتایا گیا ہے کہ کمل ایک ایسی جڑی بوٹی ہے جو کاسمیٹک مصنوعات میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتی ہے۔ اس کے پتوں میں ایسے اجزاء موجود ہیں جو جلد کی بڑھاپے کی علامات کو کم کرنے، مہاسوں کے مسائل سے لڑنے اور جلد کو سکون پہنچانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ یہ خصوصیات کمل کو ایک فطری اور مفید جزو بناتی ہیں جو جلد کی دیکھ بھال میں معاون ہو سکتا ہے۔

تاہم، ماہرین امراض جلد اس رجحان کی سخت تنقید کرتے ہیں اور اسے جلد کی حفاظت کے لیے مناسب نہیں سمجھتے۔ معروف ڈرمیٹولوجسٹ کہتے ہیں کہ کمل کے پتوں کو سن اسکرین کے طور پر استعمال کرنے کی کوئی سائنسی بنیاد موجود نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کمل کے پتے جلد کو سورج کی نقصان دہ الٹرا وائلٹ شعاعوں سے بچانے کے لیے موثر حفاظتی ڈھال فراہم نہیں کرتے۔ ڈاکٹرزکا کہنا ہے کہ اگر کسی کو چہرہ دھوپ سے بچانا ہو تو موٹے کپڑے یا ماسک کا استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن یہ سن اسکرین کا متبادل نہیں ہو سکتے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سن اسکرین خاص طور پر ایسے اجزاء سے بنی ہوتی ہے جو الٹرا وائلٹ شعاعوں کو جذب یا روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ لوٹس کے پتوں میں یہ صلاحیت موجود نہیں ہے۔ لوٹس کے پتوں پر انحصار کرنا جلد کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ یہ سن برن، جلد کا کالا پڑ جانا، جلد کی جلدی بوڑھا ہونے اور یہاں تک کہ جلد کے سرطان کا سبب بن سکتا ہے۔ علاوہ ازیں، کمل کے پتوں کا براہ راست جلد پر استعمال کچھ افراد میں الرجی، خارش یا جلن کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

لہٰذا، اگرچہ کہ کمل یا لوٹس کے پتوں میں جلد کی دیکھ بھال کے لیے کچھ فائدہ مند قدرتی خصوصیات ہیں، مگر یہ سن اسکرین کے متبادل نہیں ہو سکتے۔ جلد کی حفاظت کے لیے تجربہ شدہ، ٹیسٹ شدہ اور طبی لحاظ سے منظور شدہ سن اسکرین کا استعمال ہی سب سے محفوظ اور مؤثر طریقہ ہے۔

social media

Video Viral

Sun Screen

Lotus Leaf