Aaj News

بلاول بھٹو نے فیلڈ مارشل کی ٹرمپ سے ملاقات کو پاک امریکا تعلقات میں مثبت پیشرفت قرار دے دیا

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہورہی جب ٹرمپ نے جنگ بندی میں ثالثی کا کردارادا کیا، چیئرمین پیپلز پارٹی کا ٹویٹ
شائع 18 جون 2025 06:38pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کو پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیشرفت قرار دے دیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہورہی جب ٹرمپ نے جنگ بندی میں ثالثی کا کردارادا کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دوپہر کے کھانے پر ملاقات کریں گے، یہ ملاقات پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیشرفت ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہورہی ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی میں ثالثی کا کردار ادا کیا ہے، حالیہ 5 روزہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف فیصلہ کن کامیابی حاصل کی۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے بدقسمتی سے مستقل امن کوششوں اور امریکی سفارت کاری کو مسترد کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان نہ توتصادم کاخواہاں ہے اور نہ ہی مذاکرات کا طلب گار، ہم تسلیم کرتے ہیں امن دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے تنازعات کا کوئی عسکری حل نہیں، بھارت کی آبی وسائل کو ہتھیار بنانے کی پالیسی اور کشمیر میں جبر ناقابل قبول ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کا دہشت گردی کو سیاسی رنگ دینا بھی ناقابل برداشت طرز عمل ہے، آگے کا راستہ دیانت دارانہ سفارت کاری سے ممکن ہے، انکار اور تاخیر سے نہیں۔

Donald Trump

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto Zardari

BILAWAL ZARDARI

President Donald Trump

field marshal

Field Marshal Asim Munir