برطانوی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار کو فون، مشرق وسطی کی صورتحال پر گفتگو

دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا
شائع 17 جون 2025 10:31pm

برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا، جس میں خطے کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو آج برطانوی ہم منصب ڈیوڈ لیمی کا ٹیلی فون موصول ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار نے اسرائیل کی ایران پر بلا جواز جارحیت کو خطے اور عالمی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے کشیدگی میں کمی اور کسی بھی ممکنہ خطرناک صورتِ حال سے بچنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان علاقائی امن و سلامتی کو اولین ترجیح دیتا ہے اور سفارتی ذرائع سے مسئلہ کے حل کی حمایت کرتا ہے۔