Aaj News

بلاول بھٹو کی قیادت میں سفارتی وفد لندن پہنچ گیا

وفد کے ارکان امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کرنے کے لیے سرکردہ تھنک ٹینکس اور عالمی میڈیا کے ساتھ بھی بات کریں گے
شائع 09 جون 2025 08:37am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی سفارتی وفد واشنگٹن اور نیویارک کے کامیاب دورے کے بعد لندن پہنچ گیا ہے۔ وفد کا مقصد پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنا اور بین الاقوامی برادری کو درپیش علاقائی چیلنجز سے آگاہ کرنا ہے۔

وفد برطانیہ میں پارلیمنٹ کی سینئر قیادت سے ملاقاتیں کرے گا جبکہ جموں و کشمیر پر آل پارٹیز پارلیمانی گروپ کے ساتھ بھی اہم مشاورتی نشستیں طے ہیں۔ ان ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر، علاقائی سلامتی، اور انسانی حقوق کی صورتحال پر گفتگو متوقع ہے۔

وفد معروف تھنک ٹینکس اور عالمی میڈیا سے بھی رابطے کرے گا، جس میں پاکستان کی خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس موقع پر بھارتی حکومت کے جارحانہ اقدامات اور ان کے منفی اثرات پر بھی عالمی برادری کو آگاہ کیا جائے گا۔

مزید برآں وفد عالمی برادری سے مطالبہ کرے گا کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرے۔ سندھ طاس معاہدے کی روایتی کارروائی کی بحالی کا معاملہ بھی وفد کے ایجنڈے میں شامل ہے، جو اس بات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کہ آبی وسائل کے پرامن اور منصفانہ استعمال کے لیے بین الاقوامی اصولوں پر عمل ضروری ہے۔

azad kashmir

london

Bilawal Bhutto

Indus Waters Treaty

Diplomatic delegation