Aaj News

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی، درجہ حرارت 7 ڈگری تک بڑھنے کا امکان

لاہور کا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان
شائع 08 جون 2025 10:22am

محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آج سے 12 جون تک درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔ بیشتر علاقوں میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے، تاہم وہاں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

لاہور میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، شہر کا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ موجودہ درجہ حرارت پہلے ہی 37 ڈگری کو عبور کر چکا ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دن کے اوقات میں غیر ضروری دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں اور کھلے رنگ کے کپڑے پہنیں تاکہ گرمی کے مضر اثرات سے بچا جا سکے۔ شدید گرمی کی یہ لہر زراعت، پانی کی فراہمی، اور انسانی صحت پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔

پاکستان

lahore

Hot Weather

Heatwave

weather update