Aaj News

عیدالاضحی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں زیرو ویسٹ آپریشن جاری

250 سے زائد گاڑیاں شہر اقتدار کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ان ایکشن ہیں
اپ ڈیٹ 07 جون 2025 10:15pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

عیدالاضحی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں زیرو ویسٹ آپریشن جاری ہے، چیٸرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کے لئے 250 سے زائد گاڑیاں شہر اقتدار کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ان ایکشن ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں عیدالاضحی کے موقع پر زیرو ویسٹ آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے، جس کے تحت پاکستان میں پہلی بار صفائی آپریشن کی نگرانی جدید ڈرون کیمروں کی مدد سے کی جا رہی ہے۔

قربانی کے بعد مقامات کی فوری صفائی کے ساتھ ساتھ عرقِ گلاب، فینائل سپرے اور چونے کے چھڑکاؤ کا عمل بھی مسلسل جاری ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ صفائی انتظامات کو مؤثر اور بروقت مکمل کیا جا سکے۔

آلائشیں فوری طور پر ٹھکانے لگانے کے لیے اسلام آباد کے تمام سیکٹرز اور دیہی علاقوں میں 2500 سے زائد صفائی عملہ اور 250 سے زائد گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں۔ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

آلائشیں تلف کرنے کے لیے شہر بھر میں 55 مختلف مقامات پر 107 سے زائد گڑھے کھودے گئے ہیں، جبکہ 2 لاکھ بائیوڈیگریڈیبل پلاسٹک بیگز شہریوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں تاکہ آلائشوں کو ماحول دوست انداز میں ٹھکانے لگایا جا سکے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیرو ویسٹ آپریشن کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

بعدازاں، آرڈبلیو ایم سی کے مطابق اب تک 7627 ٹن آلائشیں ٹھکانے لگا دی گئی ہیں، 558 شکایات میں 431 شکایات کا ازالہ کر دیا گیا، شاہراہوں، چوکوں چوراہوں کی فینائل اور عرق گلاب سے دھلائی کی گئی۔ اجتماعی قربانی گاہوں کو بھی واش کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد

Eid ul Adha 2025

carcass waste