Aaj News

پاکستان نے افغانستان میں سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا

پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑا بریک تھرو
شائع 30 مئ 2025 04:46pm

پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑا بریک تھرو ہوا ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے افغانستان میں سفیر کی تعیناتی کا اعلان کردیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 19 اپریل کو ان کے کابل دورے کے بعد سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کی مثبت پیش رفت جاری ہے۔

اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا کہ مثبت تعلقات کے اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اب کابل میں ناظم الامور کی بجائے سفیر تعینات کیا جائے گا۔

نائب وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ انہیں اعتماد ہے کہ اس اقدام سے پاکستان اور افغانستان 2 برادر ملکوں کے درمیان تعلقات کی گہرائی میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ ملے گا اور سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی، تجارتی تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان تبادلوں میں اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں بیجنگ میں پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی مذاکرات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی تعلقات بڑھانے اور سفیروں کی تعیناتی پر اتفاق کیا گیا تھا۔

Ishaq Dar

اسلام آباد

pak afghan relation

Foreign Minister Ishaq Dar

Deputy PM Ishaq Dar

ambessidor in afghanistan