Aaj News

پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے، 24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے، فیلڈ مارشل

ہندوستان جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا، عاصم منیر کی وائس چانسلرز، پرنسپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے گفتگو
شائع 29 مئ 2025 11:10pm

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ معرکہ حق اس بات کا ثبوت ہے کہ جب پوری قوم ایک آہنی دیوار بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اُسے گرا نہیں سکتی، پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور 24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے، کشمیر کا کوئی بھی سودا ممکن نہیں، ہندوستان جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کرام پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، میں آج جو کچھ بھی ہوں، اپنے والدین اور اساتذہ کرام کی وجہ سے ہوں، آپ نے پاکستان کی کہانی اپنی اگلی نسلوں کو بتانی ہے۔

فیلڈ مارشل کا مزید کہنا تھا کہ معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے ہر طرح سے پاکستان کی مدد کی، معرکہ حق اس بات کا ثبوت ہے کہ جب پوری قوم ایک آہنی دیوار بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اُسے گرا نہیں سکتی۔

عاصم منیر نے کہا کہ کشمیر کا کوئی بھی سودا ممکن نہیں، ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے، ہندوستان نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی مگر وہ ناکام ہو چکا ہے، اب یہ ممکن نہیں رہا، ہندوستان جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور 24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے، پاکستان، ہندوستان کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کرے گا۔

فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ دہشت گردی ہندوستان کا اندرونی مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بڑھتا ہوا ظلم اور تعصب پسندی ہے جبکہ کشمیر ایک عالمی سطح کا مسئلہ ہے، بلوچستان میں دہشت گرد فتنہ الہندوستان ہیں، ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں۔

عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو ایسی مضبوط ریاست بنانا ہے جس میں تمام ادارے قانون کے مطابق، آئین کے تحت، بغیر کسی سیاسی دباؤ، مالی اور ذاتی فائدے کے ، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں، جو کوئی بھی ریاست کو کمزور بنانے کا بیانیہ بنانے کی کوشش کرے اُس کی نفی کریں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شرکا نے سوال جواب سیشن میں اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا یہ جو محفوظ دھرتی ہے، اس کے پیچھے وردی ہے، ہمیں پاکستان اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

فیلڈ مارشل نے علمی ترقی کو معیشت کی بنیاد قرار دے دیا

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تعلیمی اداروں کے کردار کو قومی ترقی، استحکام، امن اور ہم آہنگی کے فروغ میں بنیادی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جامعات کو تنقیدی سوچ، تجزیاتی بصیرت اور مقامی نوعیت کے تخلیقی حل فراہم کرنے والے مراکز کے طور پر کام کرنا چاہیئے تاکہ ملک کی ترقی کا راستہ ہموار ہو۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے آرمی آڈیٹوریم میں منعقدہ ہلال ٹاکس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو درپیش چیلنجز اور حکومتی تعلیمی اقدامات میں فوج کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔

فیلڈ مارشل نے علمی ترقی کو معیشت کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ علم پر مبنی معیشت ہی ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔

عاصم منیر نے ہلال ٹاکس کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز تحقیقی و تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے، قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے اور تعلیمی و فکری مباحثے کے نئے در وا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلال ٹاکس کے دوران عالمی علاقائی اور قومی موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی، فورم میں 1800 سے زائد ماہر تعلیم، جامعات کے وائس چانسلرز، مختلف شعبہ جات کے سربراہان سینئر فیکلٹی ممبران، پرنسپلز اور طلبا شامل ہیں۔

اکثریت نے ورچوئل پلیٹ فارمز کے ذریعے پروگرام میں شرکت کی، پروگرام میں بلوچستان کے جنوبی اضلاع، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی بھی خصوصی نمائندگی کی گئی۔

ہلال ٹاکس کے دوران سوال و جواب کے سیشن میں شرکا آرمی چیف سے سوالات بھی کیے، فورم کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کو محفوظ، مستحکم اور خوشحال ملک بنانے کے لیے تعلیمی و تحقیقی شعبے کو قومی ترقی کا محور بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار بھی کیا۔

Army Chief Asim Munir

Gen Asim Munir

Pakistan India Clash 2025

field marshal

Field Marshal Asim Munir